چیف منسٹر ریونت ریڈی جوبلی ہلز انتخابی مہم میں مسلم وزیر کا اعلان کریں گے؟

   

اقلیتوں میں انتخابی مہم پر مہیش کمار گوڑ کی سرکردہ مسلم قائدین سے مشاورت، فلاحی اسکیمات سے رائے دہندوں کو واقف کرانے کا فیصلہ

حیدرآباد 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں اقلیتوں کی تائید حاصل کرنے کے لئے کیا چیف منسٹر ریونت ریڈی 30 اکٹوبر کو انتخابی مہم کے دوران کابینہ میں مسلم وزیر کی شمولیت کا اعلان کریں گے؟ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے انتخابی مہم میں مسلم اقلیت کے رول پر سرکردہ مسلم قائدین اور رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں اِس بات کا اشارہ دیا گیا کہ مسلم اقلیت کی ناراضگی دور کرنے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی انتخابی مہم کے پہلے دن 30 اکٹوبر کو کابینہ میں مسلم وزیر کی شمولیت کا اعلان کریں گے۔ اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ وشواناتھن اور ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور جی ویویک وینکٹ سوامی نے اجلاس میں شرکت کی۔ مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور سرکردہ مسلم شخصیتوں نے جوبلی ہلز میں اقلیتوں کی تائید کے حصول کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شرکاء کا احساس تھا کہ انتخابی مہم کے دوران اقلیتی رائے دہندوں کی جانب سے اقلیتی بہبود سے متعلق کئی سوالات کئے جارہے ہیں۔ مجموعی طور پر مسلم اقلیت میں ناراضگی محسوس کی گئی لہذا چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کابینہ میں مسلم وزیر کے اعلان سے مسلمانوں میں پھیلی بے چینی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ شرکاء نے مسلم اقلیت کی تائید کے حصول کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کیں جس پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی مہم کے باقی ایام میں تجاویز کی بنیاد پر حکمت عملی طے کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران اقلیتی رائے دہندوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور اُن کے علاقوں میں درپیش مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں۔ شرکاء نے مسلم اقلیت کے فیصلہ کن رول کا ذکر کرتے ہوئے گھر گھر پہونچ کر رائے دہندوں کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرانے کا مشورہ دیا۔ ریاستی وزراء نے اقلیتی قائدین سے انتخابی مہم میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے کی خواہش کی اور کہاکہ اقلیتوں کی تائید کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے اور انتخابی مہم کے اختتام تک اقلیتی رائے دہندوں اور اُن کے مسائل پر خصوصی توجہ برقرار رکھی جائے۔1