چیف منسٹر ریونت ریڈی حلقہ اسمبلی کاماریڈی کو ترقی دینے کوشاں

   

6 گیارنٹی اسکیمات کا 100 دن میں آغاز، کاماریڈی میں کانگریس کا محمد علی شبیر کی قیادت میں اجلاس

کاماریڈی ۔ 15 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعد جائزہ لینے کیلئے آج ایک اجلاس محمد علی شبیر کی قیادت میں کاماریڈی کے ایک خانگی فنکشن ہال میں منعقد ہوا اس میں محمد علی شبیر کے علاوہ سابق اراکین اسمبلی سید یوسف علی ، ای انیل کمار ، سابق ایم ایل سی نرسا ریڈی ، چیف منسٹر کے برادر کنڈل ریڈی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیکہ کانگریس پارٹی کاماریڈی میں ناکام ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی کاماریڈی حلقہ کو بھی مثالی ترقی دینے کیلئے کوشاں ہے اور کاماریڈی حلقہ کیلئے ایک اسپیشل آئی اے ایس آفیسر ترقیاتی کاموں کیلئے تقرر کرنے کا اور کاماریڈی حلقہ ذمہ دار کارکنوں کے ساتھ سکریٹریٹ میں ایک اجلاس بھی منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابات کے موقع پر 6 گیارنٹی اسکیمات اعلان کیا تھا اور ان 6 گیارنٹی اسکیمات پر یقینی طور پر عمل کیا جائیگا۔ پہلے مرحلہ میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت بسوں میں مفت سفر اور آروگیہ شری کی حد میں 10لاکھ روپئے تک کیا گیا باقی اسکیمات کو اندرون 100 دن مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم سابق حکومت میں شرو ع کیا گیا لیکن ابھی بھی اس پر عمل کیا جائیگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی واضح طورپر بتادیا کہ رعیتو بندھو کسی بھی نام سے معصوم کرنے کی ضرورت نہیں ہے جبکہ سابقہ حکومت میں کے سی آر کے نام سے معصوم کیا گیا تھا کئی افراد کے قربانیوں کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے کے سی آر کے خاندان کے جدوجہد سے تلنگانہ کا قیام عمل میں نہیں آیا۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے نوجوانوں کے قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ کا قیام عمل میں لایا ہے اسمبلی انتخابات میں کام کرنے والے تمام کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمان کی ہدایت پر کاماریڈی کے بجائے نظام آباد سے مقابلہ کیا گیا تھا اور کاماریڈی حلقہ کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس موقع پر کاماریڈی حلقہ کے انچارج چیف منسٹر کے برادر کنڈل ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ووٹ دینے والے تمام رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے قائدین اور کارکن ہمیشہ عوام کے درمیان رہیں گے اور عوام کیلئے یہ ہمیشہ کام کریں گے کاماریڈی ضلع کے گاندھی نگر ، اندراج نگر ، بتکماں کنٹہ ، بیڑی ورکرس و دیگر کالونیوں میں ترقی ناگزیر ہے مستقر میں واقع ان کالونیوں کے ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی نے کہا کہ کاماریڈی میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے کارکنوں کی جانب سے جدوجہد کی گئی لیکن ہار جیت تو لگی ہوئی ہے اس کے باوجود بھی کانگریس پارٹی اپنے کاموں کو ہمیشہ کی طرح جاری رکھتے ہوئے کاماریڈی کی ترقی کیلئے مناسب اقدامات کریں گے ۔