چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا

   

معذور سائی کے ارکان خاندان کی مدد ، کلکٹر رضوان باشا نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیٹے کے لیے ’ موت ‘ مانگنے والے ارکان خاندان کی ہر ممکن مدد کرنے کا تیقن دیا ہے جس کے بعد چیف منسٹر آفس کے عہدیداروں نے ضلع کلکٹر رضوان باشا سے ربط کرتے ہوئے معذور لڑکے کا نمس ہاسپٹل میں علاج کرانے کے علاوہ حکومت کے فلاحی اسکیمات سے متاثرہ خاندان کی مدد کرنے پر زور دیا ہے ۔ جنگاؤں بلدیہ 21 ویں وارڈ کے متوطن ملیا اور لکشمی جوڑے کا 30 سالہ معذور بیٹے سائی کی دکھ بھری داستان میڈیا میں شائع ہوئی جس میں سائی کے والدین نے مالی مسائل ، تنگدستی اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے فائدہ نہ ملنے پر اپنے بیٹے کو موت دینے کی ایڈیشنل کلکٹر سے فریاد کی تھی ۔ حکومت کی باوقار اسکیم 200 یونٹ تک مفت برقی ، اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے علاوہ دوسرے کسی بھی اسکیم سے فائدہ نہ ہونے کی شکایت کی تھی ۔ مجبور اور بے بس والدین کی فریاد پر چیف منسٹر نے انسانی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے دفتر کے اعلیٰ عہدیداروں نے کلکٹر سے فوری رابطہ کیا جس کے بعد کلکٹر رضوان باشا نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جس پر آر ڈی او جنگاؤں گوپی رام اور میونسپل کمشنر فوری طور پر معذور سائی کے مکان پہونچ گئے ۔ ان کی مالیاتی صورتحال پر کلکٹر کو رپورٹ پیش کردی ۔ ذہنی اور جسمانی معذوری کا شکار سائی کی طبی صورتحال سے بھی واقف کرایا ۔ جس پر کلکٹر نے معذور سائی کو نمس منتقل کرتے ہوئے تمام طبی ٹسٹ کرانے کا حکم دیا ۔ ساتھ ہی سرکاری قواعد کے مطابق متاثرہ خاندان کو جس مقام پر وہ رہ رہے ہیں وہاں اندرا اماں مکان کی منظوری کے لیے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے ذریعہ متاثرہ خاندان کو خود روزگار فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ 2