عوام میں غیرمعمولی جوش و خروش، بھٹی وکرامارکا، مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء بھی ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہوئے
حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) ووٹ چوری کے خلاف بہار میں راہول گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا سے اظہار یگانگت کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیرقیادت تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے آج بہار کا دورہ کیا اور ووٹر ادھیکار یاترا میں شرکت کی۔ چیف منسٹر اور دیگر قائدین آج صبح نئی دہلی سے بہار کے سوپاؤل ضلع پہونچے جہاں راہول گاندھی نے آج یاترا کا آغاز کیا۔ راہول گاندھی کے ہمراہ گاڑی میں پرینکا گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین سوار تھے۔ یاترا سوپاؤل سے مدھوبنی پہونچی جہاں راہول گاندھی نے عوام سے خطاب کیا۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین راہول گاندھی سے اظہار یگانگت کے طور پر یاترا میں حصہ لے رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یاترا کا کافی فاصلہ طے کیا اور عوام کے استقبال کا جواب دیا۔ یاترا کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام میں غیرمعمولی جوش دیکھا گیا۔ راہول گاندھی نے چیف منسٹر کو اپنی گاڑی میں سوار کرلیا جبکہ ریالی میں دیگر قائدین بھی شریک ہوئے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ڈی انوسویا سیتکا، پی سرینواس ریڈی، وی سری ہری، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، صدر ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد روہن ریڈی اور دیگر قائدین یاترا میں شریک ہوئے۔ یاترا کے آغاز سے قبل کانگریس قائدین نے پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے علاوہ پسماندہ طبقات کو مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کی مساعی سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر اور دیگر قائدین یاترا میں حصہ لینے کے بعد شام میں حیدرآباد واپس ہوگئے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا غیرمعمولی کامیاب ہے اور سماج کے تمام طبقات کی جانب سے یاترا کا استقبال کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے تعاون سے بی جے پی کی جانب سے ووٹر چوری کو بے نقاب کیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ووٹ چوری کے خلاف مہم سے تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں کے عوام باشعور ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ووٹ چوری شعور بیداری مہم کے تحت مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ کانگریس کی پدیاترا اور دیگر مواقع پر عوام کو ووٹ چوری کی سازش سے واقف کرایا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد واپسی کے بعد پارٹی قائدین کو بہار میں راہول گاندھی کی یاترا میں عوام کے غیرمعمولی ردعمل سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے تلنگانہ سے قائدین کی بہار یاترا میں شرکت پر خوشنودی کا اظہار کیا اور مشورہ دیا کہ تلنگانہ کے گاؤں گاؤں تک ووٹ چوری کی سازش سے عوام کو واقف کرایا جائے۔1