دھماکہ کی وجوہات کی جانچ کی ہدایت، کمپنی انتظامیہ اور عہدیداروں پر برہم، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات
واقعہ کے 24 گھنٹے بعد بھی کمپنی مالکین نہیں پہنچے، غیر واضح جوابات پر چیف منسٹر کی برہمی، علاقہ کی تمام فیکٹریز کا معائنہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگاریڈی انڈسٹریل ایریا کے پاشا میلارم میں طاقتور دھماکہ سے متاثرہ فیکٹری کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے فیکٹری کے مختلف گوشوں کا معائنہ کیا اور بچاؤ اور امدادی کاموں کو جاری رکھنے کی ہدایت دی تاکہ ملبے میں امکانی طور پر پھنسے ہوئے افراد کا پتہ چلایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے سگاچی انڈسٹریز فارما پلانٹ کے حکام اور مقامی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے دھماکہ کی حقیقی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے تفصیلی جانچ کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء دامودرراج نرسمہا، جی ویویک ویکنٹ سوامی، ڈی سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی، اعلیٰ عہدیدار اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے فیکٹری کے معائنہ کے بعد مہلوکین اور زخمیوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ چیف منسٹر نے فیکٹری کے معائنہ کے بعد عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور دھماکہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے طاقتور دھماکہ کی وجوہات کی جانچ کرنے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے عہدیداروں کو رپورٹ پیش کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے فیکٹری انتظامیہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعہ کے 24 گھنٹے بعد بھی فیکٹری کے مالکین نے دورہ نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس قدر بڑے سانحہ کے باوجود فیکٹری انتظامیہ کی لاپرواہی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کمپنی کے انتظامیہ کو فوری طور پر ضلع انچارج وزیر اور وزیر لیبر سے ملاقات کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اطراف کی تمام فیکٹریوں پر معائنہ کریں اور احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیں۔ دھماکہ وقت فیکٹری میں 143 ملازمین موجود تھے اور ان میں 58 کی شناخت کی گئی ہے۔ دیگر افراد جو اپنے طور پر گھروں کو روانہ ہوگئے ان سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ عہدیداروں سے ربط پیدا کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے خامیاں اور کوتاہیوں پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ چیف منسٹر نے زخمیوں کے موثر علاج کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ مہلوک ملازمین کے بچوں کو سرکاری اقامتی اسکولوں میں داخلہ دیتے ہوئے ان کی تعلیم کو جاری رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مہلوکین کی نعشوں کو ان کے آبائی مقامات منتقل کرنے کے انتظامات کریں۔ ریونت ریڈی نے مہلوکین کے پسماندگان کے لئے فوری امداد کے طور پر فی کس ایک لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ امدادی رقم ایکس گریشیا کے علاوہ رہے گی۔ چیف منسٹر نے فیکٹری کے معائنہ کے بعد خانگی ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے شدید طور پر زخمی ملازمین کے علاج اور صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں چیف منسٹر نے واقعہ پر سختی برہمی کا اظہار کیا اور عہدیداروں، کمپنی کے انتظامیہ پر سوالات کی بوچھار کردی۔ غیر اطمینان بخش جوابات پر چیف منسٹر برہم ہوگئے۔ چیف منسٹر نے انتظامیہ اور عہدیداروں کی جانب سے بائیلرس اور ری ایکٹرس کا معائنہ کرنے سے متعلق سوال کیا۔ چیف منسٹر نے پوچھا کہ معائنہ کے دوران کیا مسائل منظر عام پر آئے ہیں۔ چیف منسٹر نے فیکٹریوں کے باقاعدگی کے ساتھ معائنے اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں انتظامیہ کو واقف کرانے کے بارے میں سوالات کئے۔ چیف منسٹر کے سوالات کا عہدیدار اور فیکٹری کے ذمہ دار واضح طور پر جواب دینے سے قاصر تھے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کی سرزنش کی اور کہا کہ ہوا میں جوابات دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھماکہ کی وجوہات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور کمپنی سے متعلق تمام تحقیقات کی جائیں کہ کمپنی نے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں۔ انہوں نے اطراف کی کمپنیوں کا عہدیداروں اور ماہرین کی جانب سے معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں۔ 1
فیکٹری دھماکہ کے مہلوکین کی تعداد 36 ہوگئی
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) پاشا مایلارم فیکٹری دھماکہ میں ہلاک افراد کی تعداد 36 تک پہنچ چکی ہے ۔ کل دھماکہ میں 13 افراد کی ہلاکت کی توثیق کی گئی تھی اور آج دھماکہ میں زخمی افراد میں ہلاکتیں پیش آئی ہیں ۔ امکان ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے چونکہ زخمی افراد میں 11 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ ضلع سنگا ریڈی کے پٹن چیرو پاشا مائیلارم صنعتی علاقہ کی ایک کیمیکل انڈسٹری میں دھماکہ پیش آیا تھا ۔ دھماکہ کے وقت کمپنی میں 108 افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ یاد رہے کہ دھماکہ کے وقت کمپنی میں موجود افراد ھماکہ کی شدت سے 100 فٹ دور جاگرے تھے اور ان کی ہلاکت پیش آئی تھی ۔ سگاچی انڈسٹری میں پیش آئے دھماکہ میں پلانٹ کے وائس پریسڈنٹ بھی ہلاک ہوگئے جو دھماکہ کے وقت کمپنی میں موجود تھے ۔ پلانٹ وائس پریسڈنٹ کی شناخت ایل این گودن کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ پاشا مائیلارم سگاچی انڈسٹری دھماکہ کے سلسلہ میں حکام نے سنگاریڈی کلکٹریٹ میں کنٹرول روم کو قائم کیا ہے اور متاثرین کیلئے 08455276155 ہیلپ لائین نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔ع