حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی ستائش کی جنہوں نے ایک پیچیدہ سرجری کرتے ہوئے نوجوان کی جان بچائی۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ریونت ریڈی نے لکھا کہ سرکاری دواخانوں کے بارے میں عام طور پر عوام میں منفی رائے پائی جاتی ہے تاہم عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے اپنے جذبہ انسانی خدمت کا ثبوت دیا اور ناممکن کو ممکن بنایا۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹر اے رنگا، ڈاکٹر وکرم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہاکہ دیگر سرکاری ہاسپٹلس کے ڈاکٹرس کیلئے یہ مثال ہے۔ 22 سالہ ہیمنت کا تعلق وشاکھاپٹنم سے ہے اسے سانس لینے میں تکلیف پر عثمانیہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ اس سے قبل خانگی ہاسپٹل نے علاج سے انکار کیا۔ عثمانیہ ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے معائنوں کے بعد ایک پیچیدہ سرجری کرتے ہوئے نوجوان کی جان بچائی۔1