آئندہ اجلاس نئے ہال میں ہوگا، مرمت اور تزئین نو کے کام مکمل
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پہونچ کر کونسل کی نئی عمارت کا معائنہ کیا۔ اسمبلی کے احاطہ میں موجود قدیم عمارت کی مرمت اور تزئین نو کے ذریعہ کونسل ہال تیار کیا گیا ہے جس میں توقع ہے کہ آئندہ سیشن کا آغاز ہوگا۔ قانون ساز کونسل کے لئے علیحدہ عمارت کی کمی کے سبب جوبلی ہال میں کونسل کا اجلاس منعقد کیا جارہا تھا۔ حکومت نے قدیم عمارت کو تلنگانہ کونسل کے لئے الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آغا خاں ٹرسٹ اور محکمہ عمارات و شوارع کے ذریعہ مرمت اور تزئین نو کے کام مکمل کئے گئے۔ نظام دور حکومت کی اِس یادگار کی عظمت رفتہ کو بحال رکھتے ہوئے عمارت کا تحفظ کیا گیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج نے چیف منسٹر کو تعمیری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کونسل کا سرمائی اجلاس نئے ہال میں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے تزئین نو کے باقی کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے پارلیمنٹ کی طرح ایک ہی عمارت میں دونوں ایوانوں کی موجودگی پر خوشنودی کا اظہار کیا۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے دونوں ایوانوں کے آغاز کی صورت میں وزیٹرس کے لئے عائد کی جانے والی پابندیوں سے واقف کرایا۔ کونسل کے نئے ہال میں وزیٹرس کے لئے فرسٹ فلور پر محدود نشستیں رہیں گی۔ عہدیداروں اور میڈیا کے لئے بھی علیحدہ گوشے تیار کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے ہال کے اندرونی حصہ اور ارکان کی نشستوں کا معائنہ کیا۔1
