چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وجئے واڑہ میں سابق وزیر اوما مہیشور راؤ کے فرزند کی شادی میں شرکت کی

   

حیدرآباد/30اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ پہنچ کر تلگودیشم کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ڈی اوما مہیشور راؤ کے فرزند کی شادی میں شرکت کی۔ شہر کے مضافاتی علاقہ کنکی پاڈو میں شادی کی تقریب منعقد کی گئی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی بذریعہ ہیلی کاپٹر تقریب میں شرکت کیلئے وجئے واڑہ پہنچے۔ آندھرا پردیش کے وزراء پی کیشو، این رامانائیڈو اور بی سی جناردھن ریڈی نے چیف منسٹر کا ہیلی پیاڈ پر استقبال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے شادی کی تقریب میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے ملاقات کی اور دونوں قائدین کے درمیان بات چیت ہوئی۔ تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس جسٹس این وی رمنا، چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کی اہلیہ نارا بھونیشوری، ریاستی وزیر نارا لوکیش کے علاوہ تلگودیشم پارٹی کے سرکردہ قائدین اور وزراء نے شرکت کی۔ اوما مہیشور راؤ نے گذشتہ دنوں حیدرآباد پہنچ کر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مدعو کیا تھا۔ وجئے واڑہ سے واپسی کے بعد چیف منسٹر نے حیدرآباد میں شادی کی دو تقاریب میں شرکت کی۔1