چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی ارکان اسمبلی کی کارکردگی پرتوجہ مرکوز کردی

   

پہلے محبوب نگر لوک سبھا حلقہ کے ارکان کا اجلاس۔ کارکردگی پر راست سوالات
حکومت کے کاموں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ ارکان کو پروگریس رپورٹ حوالے
2 جون تک ریاست کے تمام ارکان اسمبلی سے ملاقات کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنے پارٹی ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ کانگریس کو اقتدار ملنے کے بعد ارکان اسمبلی نے کیا کام کیا ہے۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عوام میں کسی طرح کی شعور بیداری کی ہے۔ پارٹی کے مقامی قائدین سے تعلقات اور پارٹی کے استحکام کیلئے کیا گیا اس کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ اسمبلی حلقوں کے مسائل سے معلومات حاصل کرنے کیلئے ارکان اسمبلی سے خصوصی ملاقات کرنے کا جاپان کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل منعقدہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں اشارہ دیا تھا۔ اسی کے طور پر انہوں نے جمعرات کو حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے حدود میں شامل اسمبلی حلقوں کے ارکان اسمبلی کے ساتھ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ چیف منسٹر نے سب سے پہلے اپنے ہی ضلع کے ارکان اسمبلی کا جائزہ لیا۔ تمام ارکان اسمبلی سے مشترکہ طور پر ملاقات کرنے کے بجائے انفرادی طور پر ملاقات کی۔ اسمبلی حلقہ کے مسائل اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ارکان اسمبلی کو ان کی کارکردگی پر پروگریس رپورٹ انہیں پیش کی۔ گزشتہ 17 ماہ کے دوران ان کے حلقوں میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات، فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے تعلق سے خرچ کئے گئے فنڈز کی تفصیلات انہیں حوالے کی اور ان سے سوال کیا کہ ہم نے حکومت کی جانب سے کئی پروگرامس کئے ہیں بتاؤ تم نے کیا کیا؟۔ اسکیمات کو فروغ دینے کونسے پروگرامس کئے۔ کتنے گاؤں میں جلسے اور کانفرنسیں منعقد کی گئی۔ اپنے حلقے اسمبلی میں کتنے کیلو میٹر پدیاترا کی گئی ۔ پارٹی کے اہم قائدین اور کارکنوں سے کتنی بار ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر نے ان سب کی تفصیلات ان کے سامنے پیپر پر لکھنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی انہیں یہ بھی ہدایت دی ہیکہ وہ آئندہ تین سال میں اپنے اپنے اسمبلی حلقوں میں کیا کرنا چاہتے ہیں اس کی تفصیلات تحریری طور پر پیش کریں۔ یہ بھی پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی سے ان کے اپنے اسمبلی حلقوں میں زیرالتواء ترقیاتی منصوبوں کے تعلق سے بھی سوالات کئے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چند ارکان اسمبلی اپنے حلقوں کی ترقیاتی پروگرامس پر توجہ دینے کی بجائے اپنے جان پہچان کے کنٹراکٹرس کے بلز جاری کرنے پر زور دیا ہے جس پر چیف منسٹر نے انہیں کنٹراکٹرس کے بلز کی فکر کرنے کی بجائے اپنے اسمبلی حلقوں کی ترقی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ چیف منسٹر نے 2 جون تک پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی سے علحدہ علحدہ ملاقات کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کے بعد ارکان اسمبلی کے تجویز کردہ اسمبلی حلقوں کے زیرالتواء کاموں کو مکمل کرنے، نئے کاموں کا آغاز کرکے مقامی اداروں کے انتخابات کرانے کی تیاری کررہے ہیں۔2