چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گوداوری پشکرم کے انتظامات کا جائزہ لیا

   

دو لاکھ یاتریوں کیلئے گھاٹ کی تعمیر، مرکزی اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گوداوری پشکرم کے انتظامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے پشکرم کے مستقل طور پر انتظامات کو قطعیت دینے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے مندر اور پشکرم کے گھاٹ کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کے آبگیر علاقہ میں ترجیحی بنیادوں پر مستقل گھاٹ تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری آبگیر علاقوں میں موجود مندروں کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں جو باسر تا بھدراچلم موجود ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مندروں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو باسر، کالیشورم ، دھرما پوری ، بھدرا چلم اور دیگر مندروں کا دورہ کرتے ہوئے فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کے قریب واقع مندروں کی ترقی کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے موجودہ گھاٹ کو توسیع دینے کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر سہولتوں کی مستقل طور پر فراہمی کا مشورہ دیا ۔ کم از کم 2 لاکھ افراد بیک وقت پشکرم کے دوران اشنان کرسکیں ، اس کے لئے گھاٹوں کو تیار کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ جات ٹورازم ، اریگیشن اور انڈومنٹ کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ گوداوری پشکرم کے شایان شان انعقاد کی تیاریاں کی جائیں اور انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ اجلاس میں وزیر انڈومنٹ کونڈا سریکھا ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری انڈومنٹ شیلجا رمیار ، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹری شیشادری ، چیف منسٹر کے سکریٹری سرینواس راجو اور دوسروں نے شرکت کی۔ 23 جولائی 2027 سے گوداوری پشکرم کا آغاز ہوگا اور 22 ماہ قبل سے ہی انتظامات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقفہ وقفہ سے دورہ کرتے ہوئے انتظامات کی نگرانی کریں۔ پشکرم کے انتظامات کے لئے مرکزی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔1