چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 16 جولائی کو کلکٹرس کانفرنس طلب کی

,

   

کمشنرس اور ایس پی بھی شریک ہوں گے، ایجنڈہ میں لاء اینڈ آرڈر ، منشیات ، تعلیم ، صحت اور زراعت شامل
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 16 جولائی کو کلکٹرس کانفرنس طلب کی ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری کے مطابق 16 جولائی صبح 9.30 بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ کی ساتویں منزل کے کانفرنس ہال میں اہتمام کیا گیا ہے ۔ کانفرنس میں کلکٹرس کے علاوہ کمشنرس آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس شرکت کریں گے ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں سیول اور پولیس نظم و نسق کو متحرک کرنے کے لئے چیف منسٹر نے یہ کانفرنس طلب کی ہے۔ تمام اضلاع کے کلکٹرس ، کمشنرس اور ایس پی کو شرکت کیلئے پابند کیا گیا۔ احکامات کے مطابق کلکٹرس کے غیاب میں ایڈیشنل کلکٹرس ڈی سی پی اور اے ایس پی رینک کے عہدیدار فرائض انجام دیں گے۔ کلکٹرس کانفرنس کے ایجنڈہ میں پرجا پالنا ، دھرانی ، زراعت ، ہیلت (موسمی بیماریاں) ، ونا مہا اتسوم ایجوکیشن لاء اینڈ آرڈر ، انسداد منشیات مہم اور دیگر امور کو شامل کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ 7 ماہ میں یوں تو کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کئے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب سیول اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ وسیع تر کانفرنس طلب کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اجلاس میں کلکٹرس کو حکومت کی ترجیحات سے واقف کرائیں گے۔ فلاحی اسکیمات اور خاص طور پر 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ہر ہفتہ ایک ضلع کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں ، لہذا وہ اپنے دورہ سے قبل اضلاع میںترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں میں تیزی لانا چاہتے ہیں۔ 1