حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی آئندہ ماہ اگست میں امریکہ اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ممالک کے نامور اداروں کے سربراہوں سے چیف منسٹر اور عہدیداروں کی ٹیم ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر 4 تا 9 اگست دونوں ممالک کا دورہ کریں گے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم دورہ میں شامل رہے گی۔ امریکہ میں نیویارک ، ڈیلاس ، سان فرانسیسکو، نیو جرسی میں اہم صنعت کاروں سے چیف منسٹر کی ملاقات ہوگی۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ لائیو سائنس اور الیکٹریکل گاڑیوں کے شعبہ سے وابستہ ادارہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کے عہدیدار دونوں ممالک کے اہم اداروں سے ربط میں ہیں اور چیف منسٹر کے پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے تلنگانہ میں سرمیہ کاری کے مواقع اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی رعایتوں کے بارے میں رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ 1