قبائلی علاقہ سے جذباتی وابستگی ، 17 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس کی نظر، الیکشن شیڈول تک پہلے مرحلہ کی مہم مکمل کرلیں گے
حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی لوک سبھا چناؤ کے لئے انتخابی مہم کا کل 2 فروری کو عادل آباد کے اندرا ولی سے آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر اندراولی میں عام جلسہ سے خطاب کے علاوہ بعض دیگر پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ عادل آباد ضلع کا اندراولی علاقہ کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اس علاقہ سے جذباتی وابستگی ہے۔ قبائلی آبادی سے گھرا یہ علاقہ نظام دور حکومت میں مخالف حکومت سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے اور اس وقت کی حکومت کے تشدد میں کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اندراولی علاقہ کو ماؤسٹوں کے گڑھ کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن علاقہ سے ماؤسٹوں کا صفایا ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی نے صدر پردیش کانگریس کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلا جلسہ عام اندراولی میں کیا تھا۔ اسمبلی چناؤ کی انتخابی مہم کا آغاز بھی ریونت ریڈی نے اندراولی سے کیا تھا اور پارٹی برسر اقتدار آچکی ہے ۔ چیف منسٹر کو یقین ہے کہ اندراولی سے لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کے آغاز سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فروری کے اواخر یا مارچ کے اوائل میں الیکشن شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے اور چیف منسٹر الیکشن شیڈول کی اجرائی تک پہلے مرحلہ میں تمام اضلاع کا دورہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اندراولی میں جلسہ عام کی بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی جارہی ہیں جس میں تقریباً دو لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ چیف منسٹر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دوپہر 1.45 بجے کولا پور پہنچیں گے، وہاں مندر میں خصوصی درشن کے بعد مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ سہ پہر 3.30 بجے سڑک کے راستہ اندراولی پہنچیں گے اور جلسہ عام سے قبل یادگار شہیداں پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد چیف منسٹر عام جلسہ سے خطاب کریں گے۔ کانگریس پارٹی کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں چیف منسٹر اہم اعلان کرسکتے ہیں۔ حکومت نے دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے اور توقع ہے کہ مزید تین ضمانتوں پر جاریہ ماہ سے عمل آوری کا آغاز ہوگا جس کا اعلان اسمبلی کے مجوزہ بجٹ اجلاس میں کیا جائے گا۔ وزیر قبائلی بہبود ڈی انوسویا سیتکا جلسہ عام کی تیاریوں کی راست نگرانی کر رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے دورہ اندراولی کو لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کا آغاز تصور کیا جارہا ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی ، ریاستی وزراء کانگریس کے تمام سینئر قائدین اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کی تمام 17 لوک سبھا نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عادل آباد کے بعد چیف منسٹر انتخابی شیڈول کی اجرائی تک مہم کا پہلا مرحلہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ہر ہفتہ میں کم از کم 3 لوک سبھا حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ کانگریس کے تلنگانہ میں برسر اقتدار آتے ہی گزشتہ 10 برسوں سے اپوزیشن میں رہنے والے کانگریس کیڈر کے حوصلے بلند دکھائی دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی لوک سبھا چناؤ میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ہائی کمان کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر نے عادل آباد اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس میں اندراولی جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ 1