چیف منسٹر ریونت ریڈی کا آج دورہ عثمانیہ یونیورسٹی، طلبہ سے خطاب

   

ترقیاتی منصوبہ پر مشاورت، تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور نئی عمارتوں کی تعمیر کا اعلان متوقع

حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 10 ڈسمبر کو عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دینے کے لئے چیف منسٹر نے یونیورسٹی کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت وہ طلبہ اور ٹیچنگ اسٹاف سے مستقبل کی ضرورتوں کے بارے میں مشاورت کریں گے۔ آرٹس کالج گراؤنڈ پر ریونت ریڈی طلبہ سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ریونت ریڈی کا یہ دوسرا دورہ عثمانیہ یونیورسٹی ہے۔ اپنے گزشتہ دورہ کے موقع پر ہاسٹلس کی نئی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کمار ملگارم نے چیف منسٹر کو دورہ کی دعوت دی اور ترقیاتی منصوبہ کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے ضمن میں جاری تقاریب کے تحت ریونت ریڈی 7 ڈسمبر کو دورہ کرنے والے تھے تاہم گلوبل سمٹ کے باعث دورہ کو 10 ڈسمبر تک ملتوی کیا گیا۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں حکومت کے مشیر عوامی اُمور ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں میں طلبہ کی رائے کو اوّلین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ نئے ہاسٹلس کی تعمیر، سڑکوں، ایجوکیشن بلاک اور آڈیٹوریم کی ضرورت سے واقف کرایا۔ عہدیداروں نے اراضیات کی نشاندہی کی اور ابتدائی تعمیری تخمینہ تیار کیا۔ یونیورسٹی کے حدود میں موجود جنگلاتی علاقہ کی ترقی کے لئے اربن فاریسٹری فنڈ کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے موجودہ آبی وسائل کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نئے آبی ذخائر کے قیام کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے ہاسٹل اور اکیڈیمک عمارتوں کی گنجائش ایسی رکھنے کی تجویز پیش کی کہ اگر 100 طلبہ کے لئے جگہ ہو تو مزید 10 فیصد کے لئے سہولت فراہم کی جاسکے۔ مستقبل میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے تاریخی ورثہ کی حامل عمارتوں کے تحفظ کی بھی ہدایت دی۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یونیورسٹی میں سائیکل ٹریک، واکنگ پاتھ اور اسپورٹس کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر اکیڈیمک بلاکس اور ہاسٹلس کے دورہ کو شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب چیف منسٹر راست طور پر طلبہ سے بات چیت اور اُن سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یونیورسٹی کیمپس کے اہم مقامات پر ڈراپ باکسیس نصب کئے جائیں تاکہ طلبہ اور اسٹاف اپنی تجاویز تحریری طور پر پیش کرسکیں۔ ڈسمبر کے اواخر تک یونیورسٹی کا ترقیاتی بلو پرنٹ تیار کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے دورہ کے سلسلہ میں وسیع تر سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔1