کلیانہ منو ، شادی مبارک اسکیمات اور اقامتی اسکولس کو سرکاری عمارتوں کے لیے بجٹ تجاویز تیار کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست تلنگانہ میں ذات پات کی مردم شماری کرنے کا سنسنی خیز فیصلہ کیا ہے ۔ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے کامیابی کی صورت میں ذات پات کی مردم شماری کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں بی سی ، اقلیتی اور قبائلی بہبود کے محکمہ جات کا جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ذات پات کی مردم شماری کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں کرائے کی عمارتوں میں قائم اقامتی اسکولس کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کریں اور ساتھ ہی اقلیتی ، ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی اقامتی اسکولس جو کرائے کی عمارتوں میں قائم ہے انہیں سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کے لیے جنگی خطوط پر عمارتوں کی تعمیر کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے ہر اسکول کی تعمیری لاگت کا تخمینہ لگاکر بجٹ تجاویز تیار کرنے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے سرکاری ہاسٹلس اور اقامتی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو دئیے جانے والے ڈائیٹ چارجس ، کاسمیٹک چارجس اور پکوان بلس کو زیر التواء چارجس سے پاک رکھنے اور گرین چینل کے ذریعہ ان کی ادائیگی پر زور دیا ۔ چیف منسٹر مہاتما جیوتیبھا پھولے اور سینئیر اسکالر شپ اسکیم کو مزید موثر طریقہ سے نافذ کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے بیرون ممالک یونیورسٹیوں کی رینکنگ کی بنیاد پر اعلیٰ یونیورسٹیوں کی نشاندہی کی جائے اور ایک فریم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ ان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اس اسکیم میں پہلی ترجیح دینے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی فلاحی تعلیمی اداروں کو الگ الگ مقامات پر چلانے کے بجائے ایک مربوط تعلیمی مرکز کے طور پر متحد کرنے اور ہر حلقہ کے لیے ایک مربوط ہب بنانے کی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اسکولس کا نظم و نسق ، نگرانی بہتر طریقہ سے چل سکتا ہے ۔ ایک ہی کیمپس میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کے تعلیم حاصل کرنے سے ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور ان میں مسابقتی رجحان بھی بڑھے گا ۔ تمام حلقوں میں ایجوکیشن ہب کی تعمیر کے لیے مناسب جگہوں کی فوری نشاندہی کرنے کا حکم دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تعلیمی مراکز کی تعمیر کے لیے کارپوریٹ اداروں اور کمپنیوں کا تعاون لیا جائے اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے عطیات وصول کی جائے ۔ اقامتی اسکولس میں طلبہ کے لیے ضروری انفراسٹرکچر ، کمبل ، نوٹ بکس ، یونیفارم اور کتابوں کے لیے سی ایس آر کے ذریعہ فنڈز جمع کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کلیانہ منو اور شادی مبارک کے مستحقین کو نقد رقم اور سونا فراہم کرنے کے لیے تخمینہ بجٹ تیار کرنے کا حکم دیا ۔ ریاست میں بی سی اسٹیڈی سرکلس کو ہر پارلیمانی حلقہ میں ایک یونٹ کے طور پر قائم کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔ اس جائزہ اجلاس میں وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر وزیر قبائیلی ستیکا حکومت کے مشیر محمد علی شبیر چیف سکریٹری شانتی کماری اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔۔ 2
ریونت ریڈی، 1981 قتل عام کے بعد اندراویلی کا دورہ کرنے والے پہلے چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اندراویلی کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایک ایکر کے ایک ’’سمریتوانم‘‘ کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے اور کیسلاپور ناگوبا مندر میں پوجا کریں گے۔ ریونت ریڈی 1981 میں آدیواسیوں کے قتل عام کے سانحہ کے بعد اندراویلی کا دورہ کرنے والے پہلے چیف منسٹر ہوں گے۔ یہ دورہ 28 یا29 جنوری کو کئے جانے کی توقع ہے۔ اس دورہ کے ساتھ آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی مہم کا آغاز بھی متوقع ہے۔