چیف منسٹر ریونت ریڈی کا 2 روزہ دورہ دہلی ’ آج روانگی

   

کابینی توسیع، نئے پی سی سی صدر کے انتخاب پر تبادلہ خیال ، مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کا امکان
حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اتوار کو دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ دو دن قیام کریں گے۔ راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکاارجن کھرگے کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قومی قائدین اور مرکزی وزراء سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس قائدین سے ملاقات میں کابینہ کی توسیع، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کے انتخاب پر جہاں تبادلہ خیال کریں گے وہیں کسانوں کے قرضوں کی معافی کے تعلق سے ہائی کمان کو واقف کرائیں گے اور ورنگل میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک، وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو اتوار کو دوپہر دہلی روانہ ہوں گے۔ اتم کمار ریڈی پہلے سے دہلی میں ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تاحال چند نامزد عہدوں پر جن پارٹی قائدین کا انتخاب کیا گیا ہے مزید سینئر قائدین کو عہدے دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کانگریس نے انتخابی منشور میں کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا جس پر عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ 18 جولائی کو ایک لاکھ روپئے تک قرض معاف کردیا گیا جس سے کانگریس ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ ورنگل کے جس گراونڈ پر یہ وعدہ کیا گیا اسی گراونڈ پر کانگریس کا اظہارتشکر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کو مدعو کیا جائے گا۔ دو دن دہلی میں قیام کرنے والے چیف منسٹر مختلف مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے۔ تقسیم آندھراپردیش کے وعدوں پر عمل ‘نئے قرض کی اجرائی، نئے آبپاشی پراجکٹس کی منظوریوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ ریونت ریڈی اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے و راہول گاندھی سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے 8 ماہ مکمل ہوچکے ہیں تاحال 6 وزارتیں مخلوعہ ہیں۔ کابینہ کی توسیع میں کس کو شامل کیا جائے اس پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ تازہ سیاسی صورتحال سے ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ بالخصوص اس دورہ میں تلنگانہ کانگریس صدر کے نام کو قطعیت دینے کا بھی قوی امکان ہے۔2