مختلف پروگرامس میںشرکت‘ہاسٹلس کا افتتاح اور سنگ بنیاد ، طلبہ سے خطاب
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کمار ملگارم نے پرنسپل آرٹس کالج پروفیسر سی کاشیم کے ہمراہ آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ انہوں نے 21 اگست کو عثمانیہ یونیورسٹی کیمختلف پروگراموں میں شرکت کی چیف منسٹر کو دعوت دی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 21اگست کو عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت 80 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ دو نئے ہاسٹلس کی عمارتوں کا افتتاح کریں گے جس میں 1200 طلبہ کی گنجائش رہے گی ۔ قبائلی بہبود محکمے کے تعاون سے 300طلبہ کے قیام کیلئے تعمیر کئے جانے والے دو نئے ہاسٹلس عمارتوں کا چیف منسٹر سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں فی الوقت 25ہاسٹلس ہیں جن میں 7223 طلبہ قیام پذیر ہیں ۔ چیف منسٹر کے ہاتھوں نئی عمارتوں کے افتتاح کے بعد طلبہ کی گنجائش میں اضافہ ہوگا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 10کروڑ روپئے سے ڈیجیٹل لائبریری ریڈنگ روم کے کاموں کا آغاز کریں گے ۔ ٹیگور آڈیٹیوریم میں چیف منسٹر تلنگانہ کے تعلیمی شعبہ میں امکانی تبدیلیوں اور حکومت کی حکمت عملی پر پروفیسرس اور طلبہ سے خطاب کرینگے ۔ اس پروگرام میں وزراء پونم پربھاکر اور اے لکشمن کمار شرکت کریں گے ۔ گزشتہ 20برسوں میں عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ سے خطاب کرنے والے ریونت ریڈی پہلے چیف منسٹر ہوں گے ۔ اس موقع پر طلبہ کو بیرونی ممالک میں تعلیم کیلئے امداد سے متعلق اسکیم کا آغاز ہوگا ۔ 1