حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے دہلی دورہ کے دوران آج کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں کئے گئے ذات پات کے سروے اور بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بعد ازاں ریونت ریڈی نے پرینکا گاندھی سے کی گئی ملاقات کی تصویر سوشیل میڈیا کے پلیٹ ایکس پر شیئر کی۔ گزشتہ دو دن سے دہلی میں مصروف رہنے والے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں ذات پات کے سروے اور بی سی تحفظات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں پرینکا گاندھی سے بھی ملاقات کی اور تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ بالخصوص ذات پات کا سروے اور بی سی تحفظات کی پرینکا گاندھی نے ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران ذات پات کا سروے کرانے کا جو وعدہ کیا تھا، تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے شفاف طریقہ سے ذات پات کا سروے کراتے ہوئے ملک کو یہ پیغام دے دیا کہ اگر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کیا جاسکتا ہے، بس صرف سیاسی جرأت کی ضرورت ہے۔ یہ کام چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے ممکن کر دکھایا ہے۔2