72 سالہ بزرگ قائد کے سی آر کی توہین ، قانون اور اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ایم ایل سی داسوجو شراون نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ غیر شائستہ ، غیر دستوری اور تلنگانہ کی سیاسی و ثقافتی اقدار کی مکمل خلاف ورزی ہے ۔ داسوجو شراون نے آج ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں ریونت ریڈی نے نہ صرف چیف منسٹر عہدے کے وقار کو مجروح کیا بلکہ ایک سینئیر اپوزیشن قائد اور 72 سالہ بزرگ قائد کے سی آر کے تئیں بھی بنیادی احترام کا مظاہرہ نہیں کیا جو قانون اور اخلاقیات دونوں کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی کرسی ایک اعزاز اور بھاری ذمہ دار ہوتی ہے لیکن ریونت ریڈی اس مقدس عہدے پر بیٹھ کر بازاری اور توہین آمیز زبان استعمال کررہے ہیں ۔ جو جمہوریت کی روح اور دستور ہند کے خلاف ہے ۔ داسوجو شراون نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی صرف ووٹ بنک کی سیاست کے لیے ذات پات کے جذبات کو ہوا دے رہے ہیں اور تلنگانہ تحریک کے قائدین بالخصوص ریاست کے حصول میں مرکزی کردار ادا کرنے والے کے سی آر کو ایک مخصوص ذات تک محدود کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو تلنگانہ کے وجود اور اس کی تاریخ سے غداری کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آندھرا کے قائدین نے بھی تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف اس قدر نازیبا اور سخت زبان استعمال نہیں کی جتنی آج موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کررہے ہیں جو تلنگانہ کی ثقافت ، سیاسی شائستگی اور اخلاقی اقدار کو پامال کرنے کے مترادف قرار دیا ۔ داسوجو شراون نے انتباہ دیا کہ اقتدار عارضی ہوتا ہے اور عوام جلد ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تکبرانہ رویے کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گندی زبان ، عدم برداشت اور ذات پات پر مبنی سیاست چیف منسٹر کے سیاسی زوال کا سبب بنے گی اور تلنگانہ کی سرزمین ایسی سیاست کو کبھی معاف نہیں کرے گی ۔۔ 2