حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد کے گوشہ محل علاقہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شکل میں تیار کردہ گنیش کی مورتی کی تنصیب پر تنازعہ کے بعد مورتی کو نکال دیا گیا ہے۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے آغا پورہ علاقہ میں فشریز کارپوریشن کے صدرنشین پی سائی کمار نے گنیش کی مورتی نصب کی تھی ، یہ مورتی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شکل میں تھی جس پر مختلف گوشوں سے اعتراضات کئے گئے ۔ رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے مورتی کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھکتوں کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر کی شکل کی مورتی نکال دی اور اس کی جگہ دوسری مورتی نصب کی گئی۔ فشریز کارپوریشن کے صدرنشین نے چیف منسٹر کی دلجوئی کیلئے ان کی شکل کی گنیش مورتی تیار کی تھی۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ ریونت ریڈی بھگوان نہیں ہیں ، لہذا گنیش کی مورتی ان کی طرح تیار کرنا بھکتوں کی توہین کے مترادف ہے۔1