چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات

   

گاندھی سروور پراجکٹ کیلئے 98 ایکر دفاعی اراضی الاٹ کرنے کی اپیل، موسی ریور فرنٹ پراجکٹ سے واقف کرایا

حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور حیدرآباد میں موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے تحت گاندھی سروور کیلئے دفاعی اراضی الاٹ کرنے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ حکومت کے اہم گاندھی سروور پراجکٹ کی تفصیلات سے وزیر دفاع کو واقف کرایا۔ راج ناتھ سنگھ کی سرکاری قیامگاہ پر ہوئی اس ملاقات میں ریونت ریڈی نے بتایا کہ موسیٰ اور عیسیٰ ندیوں کے سنگم کے مقام پر گاندھی سروور پراجکٹ قائم کیا جارہا ہے ۔ اسی سنگم کے مقام پر گاندھی سرکل آف یونیٹی کے نام سے یادگار تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ مجوزہ پراجکٹ کے مقام پر موجود 98.20 ایکر دفاعی اراضی کو اگر ریاستی حکومت کو منتقل کیا گیا تو پراجکٹ کی تکمیل میں سہولت ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قومی یکجہتی اور گاندھیائی اقدار کی علامت کے طور پر گاندھی سروور پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس پراجکٹ کے تحت گاندھی جی کے نظریات کو فروغ دینے کیلئے ایک نالج ہب ، میڈی ٹیشن ولیج ، کھادی پروموشن سنٹر ، عوامی تفریحی مقامات ، لینڈ اسکیپ ، گاندھی گھاٹ اور میوزیم کے قیام کا منصوبہ ہے ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے چیف منسٹر کو تیقن دیا کہ دفاعی اراضی کی منتقلی کے سلسلہ میں نمائندگی پر مثبت کارروائی کی جائے گی۔ ملاقات کے موقع پر ارکان پارلیمنٹ بلرام نائک ، کڈیم کاویا ، سی ایچ کرن کمار ریڈی ، موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائرکٹر ای وی نرسمہا ریڈی اور مرکزی اسکیمات اور منصوبوں کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گورو اپل موجود تھے۔1