سیلاب کی امداد کیلئے مرکز سے نمائندگی اور وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت، ہائی کمان سے ملاقات کا امکان
حیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 6 اکتوبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں مرکزی حکومت کو حالیہ سیلاب اور بارش کے نقصانات کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے بارش اور سیلاب کے نقصانات پر مختلف محکمہ جات سے تفصیلی رپورٹ تیار کرائی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سیلاب کی امداد کے طور پر 416.80 کروڑ جاری کئے گئے جس پر تلنگانہ حکومت مطمئن نہیں ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ریاستوں کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ تلنگانہ میں وزارت داخلہ کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے۔ سرکاری مصروفیات کے تحت چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر مرکزی وزراء سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کانگریس پارٹی کے اعلیٰ قائدین اور ہائی کمان سے ملاقات کریں گے۔ ستمبر میں تلنگانہ کو سیلاب اور بارش سے تقریباً 10,000 کروڑ کا نقصان ہوا۔ مرکزی ٹیم نے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ کیا۔ مرکزی حکومت نے فوری امداد کے طور پر 3,300 کروڑ دونوں تلگو ریاستوں کیلئے جاری کئے۔ مرکز نے 14 ریاستوں کے لئے این ڈی آر ایف فنڈ کے تحت 5858 کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی ہے جس کے تحت تلنگانہ کو محض 416.80 کروڑ جاری کئے گئے۔ نقصانات کی پابجائی اور متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے تلنگانہ حکومت مرکز سے مزید فنڈس کی اپیل کرے گی۔ 1