انتخابی حکمت عملی پر سینئر قائدین سے بات چیت
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل رات بی آر ایس کے سکریٹری جنرل اور رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤکی قیامگاہ پر عشائیہ میں شرکت کی۔ کانگریس پارٹی میں میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی کی شمولیت کے بعد ڈاکٹر کیشوراؤ نے چیف منسٹر کو ڈِنر پر مدعو کیا تھا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پونم پربھاکر، ارکان راجیہ سبھا رینوکا چودھری، انیل کمار یادو، سابق وزراء کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ارکان اسمبلی جی ونود ، جی ویویک اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر کیشو راؤ اور ان کی دختر نے چیف منسٹر کو تہنیت پیش کی۔ ڈِنر ملاقات کے موقع پر کیشو راؤ نے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے امکانات پر بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر کیشو راؤ کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کیشو راؤ نے ریونت ریڈی کو تیقن دیا کہ وہ ریاست میں پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے۔1