طبقاتی مردم شماری کی تفصیلات سے واقف کرایا، قومی سطح پر مردم شماری کی سفارش کی اپیل
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج شام گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما سے راج بھون پہنچ کر ملاقات کی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر مال پی سرینواس ریڈی، ارکان پارلیمنٹ بلرام نائیک، سی ایچ کرن کمار ریڈی، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و پسماندہ طبقات محمد علی شبیر، چیف منسٹر کے خصوصی مشیر وی نریندر ریڈی اور جی امیت ریڈی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں آج سے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے آغاز کی تفصیلات سے گورنر کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی سماجی، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے علاوہ روزگار اور سیاست میں ان کی حصہ داری کا جائزہ لینے کیلئے مردم شماری کا آغاز کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے مردم شماری کیلئے 80 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کی خدمات اور مردم شماری کے لئے ٹیموں کی تشکیل کے علاوہ سوالنامہ کے بارے میں تفصیلات بیان کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کا جائزہ لینے کیلئے شروع کردہ مردم شماری سے تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ 2025 میں ملک بھر میں ہونے والی مردم شماری میں او بی سی طبقات کی پسماندگی کے سروے کو شامل کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے گورنر جشنو دیو ورما سے خواہش کی کہ اس سلسلہ میں مرکز سے سفارش کریں۔ چیف منسٹر کے ساتھ موجود قائدین نے مردم شماری کے بارے میں عوام میں پائے جانے والے مثبت ردعمل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر گورنر کو چیف منسٹر نے تہنیت پیش کی اور وزراء اور دیگر قائدین کا تعارف کرایا۔ گورنر جشنو دیو ورما نے چیف منسٹر کی شالپوشی کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گورنر کو اپنی بھتیجی کی شادی کا دعوت نامہ پیش کیا۔1