کابینہ میں توسیع اور پردیش کانگریس کی عاملہ پر ہائی کمان سے مشاورت
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی توقع ہے کہ 16 ستمبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور سریدھر بابو کی دہلی روانگی کا بھی امکان ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ کابینہ میں توسیع، نامزد عہدوں پر تقررات اور پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل پر ہائی کمان کے قائدین سے مشاورت کریں گے۔ تلنگانہ میں کابینہ میں توسیع کا معاملہ طویل عرصہ سے زیر التواء ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کابینہ میں توسیع کیلئے سماجی انصاف کو برقرار رکھنے کیلئے بعض ناموں پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی 16 ستمبر کو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، کے سی وینوگوپال اور دیگر قائدین سے ملاقات کریں گے۔ تلنگانہ کے زیر التواء مسائل کی راہول گاندھی سے منظوری ضروری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دورہ امریکہ سے واپسی کی صورت میں ریونت ریڈی کابینہ میں توسیع کی منظوری حاصل کرنے ملاقات کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر حالیہ بارش اور سیلاب کے امدادی کاموں کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کریں گے۔1