چیف منسٹر ریونت ریڈی کی 25 مارچ کو دعوت افطار

   

لال بہادر اسٹیڈیم میں وسیع انتظامات، کل ڈپٹی چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے دعوت افطار کا 25 مارچ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں اہتمام کیا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے چیف منسٹر کو 21 یا 22 مارچ کو دعوت افطار کے اہتمام کی تجویز پیش کی تھی تاہم بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 25 مارچ کی تاریخ کو منظوری دی ہے۔ دعوت افطار کے انتظامات کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی زیرقیادت کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا 22 مارچ کو اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں دعوت افطار کے انتظامات کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ دعوت افطار کے اہتمام کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر کی زیرقیادت اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دعوت افطار میں 8 تا 10 ہزار مدعوئین شرکت کریں گے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد یہ ریونت ریڈی کی دوسری دعوت افطار ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ دعوت افطار کے موقع پر چیف منسٹر انیس الغرباء کے یتیم بچوں سے ملاقات کریں گے۔ دعوت افطار میں سیاسی، سماجی اور مذہبی قائدین کو مدعو کیا جائے گا جن کی فہرست جی اے ڈی کی جانب سے تیار کی جارہی ہے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں مدعوئین کے لئے علیحدہ گوشے قائم کئے جائیں گے اور ہر گوشہ میں افطار، نماز اور ڈنر کا علیحدہ انتظام رہے گا۔ 1