چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ کو منظوری

   

جولائی میں پاسپورٹ دوبارہ جمع کرانے اے سی بی کورٹ کی ہدایت

حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کورٹ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ کی اجازت دے دی ہے۔ چیف منسٹر 13 تا 23 جنوری 3 ممالک کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں ریونت ریڈی ملزم ہیں اور اُن کا پاسپورٹ اینٹی کرپشن بیورو کورٹ میں جمع کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے اینٹی کرپشن بیورو کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے بیرونی دورہ کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ آسٹریلیا، سنگاپور اور ڈاؤس کے دورہ پر روانگی کی تفصیلات سے عدالت کو واقف کراتے ہوئے 6 مہینوں کیلئے پاسپورٹ حوالے کرنے کی درخواست کی گئی۔ عدالت نے درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہدایت دی کہ 6 جولائی کو پاسپورٹ دوبارہ جمع کرادیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف نوٹ برائے ووٹ مقدمہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمہ کے وقت ریونت ریڈی تلگودیشم میں تھے اور قانون ساز کونسل کے انتخابات میں تلگودیشم امیدوار کے لئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ اینٹی کرپشن بیورو کورٹ میں زیردوران ہے۔ چیف منسٹرریونت ریڈی آسٹریلیا میں برسبین اور سنگاپور کے دورہ کے بعد ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 1