2 سال بعد بھی ہر خاتون کو 2500 روپے، طالبہ کو اسکوٹی اور دیگر وعدے ندارد
نظام آباد۔ 26 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بالکنڈہ و سابق وزیر مسٹر پرشانت ریڈی نے بالکنڈہ اسمبلی حلقہ کی 8 منڈلوں کے مستحق خاندانوں کو کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے تحت تقریباً 424 چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے مستفید ہونے والی لڑکیوں کو شادی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے دسہرہ تہوار کی بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا مسٹر پرشانت ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ یہ فلاحی اسکیم سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے بارہ برس قبل ایک انسان دوست نقطہ نظر کے ساتھ شروع کی تھی۔ اس اسکیم کے پیچھے ان کی ذاتی زندگی کے تجربات کارفرما تھا۔ غریب خاندانوں میں بیٹی کی شادی ایک بڑا بوجھ ہوتی ہے، مگر ہر والد اپنی بچی کی شادی عزت و وقار کے ساتھ انجام دینا چاہتا ہے۔ اسی پس منظر میں 50 ہزار روپئے سے آغاز کردہ یہ اسکیم بعد میں بڑھا کر ایک لاکھ 16 ہزار روپے کردی گئی۔ صرف بالکنڈہ حلقہ میں گزشتہ دس برسوں کے دوران تقریباً 12 ہزار مستحق خاندان اس اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کی حکومت نے جو اسکیم شروع کی تھی اسے موجودہ کانگریس حکومت نے بھی جاری رکھا ہے، لیکن وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی کے تحت ایک لاکھ روپئے کے ساتھ ایک تولہ سونا بھی دیا جائے گا۔ اب جبکہ حکومت کو دو برس ہونے کو ہیں، یہ وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا۔ رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی نے مطالبہ کیا کہ موجودہ مستحقین سمیت اب تک چیکس حاصل کرنے والی ہر خاتون کو ایک تولہ سونا فراہم کیا جائے۔ پرشانت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی کے وعدوں پر اعتماد کرکے خواتین نے ووٹ دیا، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیڑی مزدور خواتین کو وظیفہ 2000 سے بڑھا کر 4000 روپے کرنے، ہر خاتون کو 2500 روپے دینے، 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے اور طلبہ کو اسکوٹیاں دینے کے وعدے سب کاغذی ثابت ہوئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وعدے پورے نہ کیے گئے تو خواتین کو منظم کر کے بڑے پیمانے پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حکومت سے سوال کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے لیکن خواتین کے حق میں سوال کرنے پر برسر اقتدار جماعت کے وزراء کا پولیس طاقت کا سہارا لینا اور لاٹھی چارج کروانا قابل مذمت ہے۔