چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ سنگاپور اور ڈاؤس کا آج سے آغاز

   

تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے معاہدات کا امکان، دبئی میں مختصر توقف، چندرا بابو نائیڈو بھی ڈاؤس اجلاس میں شرکت کریں گے

حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 16 جنوری کو سنگاپور ، ڈاؤس اور دبئی کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر جو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں ہیں بیرونی دورہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی۔ چیف منسٹر نے پہلے سے طئے شدہ آسٹریلیا کا دورہ منسوخ کردیا ہے اور وہ سنگاپور اور ڈاؤس کے علاوہ دبئی میں ایک دن قیام کریں گے۔ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر کل 16 جنوری کو رات9:50 بجے دہلی انٹر نیشنل ایرپورٹ سے سنگاپور کیلئے روانہ ہوں گے اور 17 جنوری کو صبح 6 بجے سنگاپور کے چانگی ایر پورٹ پہنچیں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن اور دیگر عہدیدار شامل رہیں گے۔ چیف منسٹر سنگاپور میں اسکل یونیورسٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور نامور صنعت کاروں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مسئلہ پر ملاقاتیں ہوں گی۔ سنگاپور میں شاپنگ مالس اور دیگر پراجکٹس کا چیف منسٹر معائنہ کریں گے۔ ریونت ریڈی 20 جنوری کو ڈاؤس روانہ ہوں گے جہاں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ڈاؤس میں 22 جنوری تک قیام کرتے ہوئے صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے اور سرمایہ کاری کے معاہدات پر دستخط کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر 23 جنوری کو ڈاؤس سے دبئی پہنچیں گے اور دبئی سے 24 جنوری کی سہ پہر حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے۔ دبئی میں چیف منسٹر کا قیام چند گھنٹوں کیلئے رہے گا۔ واضح رہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے گذشتہ اجلاس میں ریونت ریڈی کی شرکت کے موقع پر تلنگانہ میں 40232 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے تھے۔ دنیا کی 14 نامور کمپنیوں نے 18 پراجکٹس کیلئے معاہدات کئے۔ عہدیداروں کے مطابق 17 پراجکٹس پر کام شروع ہوچکا ہے اور 10 دیگر پراجکٹس مختلف مراحل میں ہیں۔ 7 پراجکٹس ابتدائی مراحل میں ہیں۔ ڈاؤس کے اجلاس میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش بھی شرکت کریں گے۔1