چیف منسٹر ’ سیاسی دہشت گرد ‘ بن گئے ہیں

,

   

سی ایل پی کے انضمام کی مذمت ۔ ریونت ریڈی ایم پی کا خطاب
حیدرآباد 9 جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر و رکن پارلیمنٹ ملکاجگری اے ریونت ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کو سی ایل پی کے ٹی آر ایس مقننہ پارٹی میں انضمام پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے سی ایل پی لیڈر ملو بٹی وکرامارک کے ستیہ گرہا دیکشا کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن ارکان اسمبلی نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ پارٹی تبدیل کرچکے ہیں انہیں کس طرح کانگریس رکن اسمبلی قرار دیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے بھی کانگریس کے ارکان اسمبلی کو منحرف ارکان قرار دیتے ہوئے انضمام کو منظوری دیدی ہے لیکن انہوں نے یہ سوال نہیں کیا کہ آیا سی ایل پی کا جو اجلاس منحرف ارکان اسمبلی نے منعقد کیا تھا اس کیلئے پردیش کانگریس کی منظوری بھی حاصل ہے یا نہیں۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ جدوجہد میں جانوں کی قربانی پیش کرنے والوں کے افراد خاندان سے کہا کہ وہ یہ جائزہ لیں کہ آیا یہ وہی تلنگانہ ہے جو ان کے رشتہ داروں نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کرتے ہوئے حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو ریاست میں سیاسی دہشت گرد بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے چیف منسٹر کو حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اسی طرح کے انحراف کی وجہ سے منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے ووٹوں کی تعداد جو اسمبلی انتخابات میں 95 لاکھ رہی تھی وہ لوک سبھا انتخابات میں گھٹ کر صرف 75 لاکھ رہ گئی ہے ۔