چیف منسٹر سے جناب عامر علی خاں اور پروفیسر کودنڈا رام کی ملاقات

,

   

قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کرنے پر اظہار تشکر‘ گزٹ اعلامیہ کی اجرائی

حیدرآباد۔27جنوری (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈارام تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن بن گئے ۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن کی جانب سے دونوں ارکان قانون ساز کونسل کی نامزدگی کے سلسلہ میں گزٹ اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ ریاستی حکومت کے محکمہ جنرل اڈمنسٹریشن نے جی او ایم ایس نمبر 12 جاری کرتے ہوئے یہ احکام جاری کردیئے ہیں۔ جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام ریڈی نے چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی سے سیکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے نو منتخبہ ارکان قانون ساز کونسل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں طویل سفر ساتھ ہے اور کافی محنت اور بہتر کارکردگی کے ساتھ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے اقدامات کرنے ہیں ۔ چیف منسٹر سے جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام کی ملاقات کے دوران ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر پونم پربھاکر ‘ محترمہ سیتا اکا‘ مسٹر پی سرینواس ریڈی کے علاوہ مشیر برائے بہبود جناب محمد علی شبیر موجود تھے۔ واضح رہے کہ ارکان قانون ساز کونسل کی دونوں نشستیں طویل مدت سے مخلوعہ تھیں۔ دو روز قبل راج بھون کی جانب سے دونوں ناموں کو قطعیت دیئے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی ارکان قانون ساز کونسل کو مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا اور آج حکومت کی جانب سے گورنر کے فیصلہ کے متعلق احکام جاری کرتے ہوئے سیکریٹری مقننہ کو واقف کروادیا گیا۔گورنر نے دونوں ارکان قانون ساز کونسل کے ناموں کو منظوری دیتے ہوئے چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج کو سفارشات روانہ کیں جس پر جی او ایم ایس 12 کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد محترمہ سانتھی کماری چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ نے جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں رکن قانون ساز کونسل نامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ 3