چیف منسٹر سے زیادہ ریونت ریڈی گروہ واری گیانگ لیڈر کے رول میں

   

ڈاکٹر شراون کا چیف منسٹر کو کھلا مکتوب، بی جے پی اور تلگو دیشم سے خفیہ مفاہمت ، کانگریس سے دھوکہ دہی
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر ڈی شراون نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ وہ تلنگانہ کے چیف منسٹر ہیں یا گروہ واری گیانگ لیڈر؟ ڈاکٹر شراون نے کھلے مکتوب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے غیر جمہوری رویہ اور اپوزیشن کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر سخت اعتراض جتایا ۔ انہوں نے اپوزیشن بی آر ایس کے خلاف کھمم کے جلسہ میں چیف منسٹر کی زبان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن کے لئے ختم کرنے اور دفن کرنے جیسے الفاظ کا استعمال افسوسناک ہے۔ اس طرح کی زبان استعمال کرتے ہوئے ریونت ریڈی چیف منسٹر سے زیادہ ایک گروہ واری لیڈر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض سیاسی تقاریر نہیں ہیں بلکہ سماج میں نفرت کو فروغ دینے کی مجرمانہ سازش کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ اقتدار تو کانگریس کا ہے لیکن ریونت ریڈی کی روح ابھی بھی تلگو دیشم کے ساتھ ہے۔ ریونت ریڈی کانگریس کا کھنڈوا ضرور پہنتے ہیں لیکن اپنے سابق باس چندرا بابو نائیڈو کے ایجنڈہ پر عمل کرتے ہوئے کانگریس کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ میں تلگو دیشم کے احیاء کیلئے پلان بی پر عمل پیرا ہیں۔ ڈاکٹر شراون نے الزام عائد کیا کہ پارٹی پر گرفت مضبوط کرنے کیلئے ریونت ریڈی نے سینئر قائدین کو کمزور کرنے کی سازش کی ہے جن میں بھٹی وکرمارکا ، اتم کمار ریڈی ، سرینواس ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم اور بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کے ذریعہ ریونت ریڈی دہلی ہائی کمان کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی اور پانچ ٹریلین ڈالر معیشت کے نام پر عوام کو سنہرے خواب دکھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور حکومت وظیفہ یاب ملازمین کے بینیفٹس ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ کے حصول کے لئے سب کچھ قربان کردیا اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں فادر آف تلنگانہ کے طور پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر جیسے قائد اور بی آر ایس پارٹی کی توہین کرنا جو تلنگانہ کی عزت نفس کی علامت ہے، سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا اور ریونت ریڈی کا تکبر ان کے زوال کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کہ تاخیر ہوجائے ، چیف منسٹر کو اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہئے ۔1