چیف منسٹر سے ملاقات کرنا محال ، کون ملاقات کروانے کے مجاز

   

ایوان اسمبلی میں راجہ سنگھ کا برجستہ سوال ، بلدیہ کمشنر پر ان کے مکتوب پر ردعمل ظاہر نہ کرنے کا الزام
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر سے ملاقات کے لئے وقت کس سے حاصل کریں اور کون مجاز ہیں جو چیف منسٹر سے ملاقات کرواسکتے ہیں! رکن اسمبلی بھارتیہ جنتا پارٹی راجہ سنگھ نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں نئے بلدی قوانین کے بل پر مباحث کے دوران راست چیف منسٹر سے یہ سوال کیا ۔ بل پر مباحث کے دوران رکن اسمبلی گوشہ محل نے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کی حالت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کے مسئلہ پر توجہ دلواتے ہوئے کہا کہ کمشنر جی ایچ ایم سی کے پاس رکن اسمبلی کی جانب سے دیئے جانے والے مکتوب کی بھی اہمیت نہیں ہے ‘ جس پر چیف منسٹر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کو ئی مسئلہ ہے تو وہ موجود ہیں ان کے علاوہ سیکریٹری بلدی نظم و نسق ہیں ان سے ملاقات کی جاسکتی ہے۔ جس پر راجہ سنگھ نے برجستہ کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کے لئے کس سے وقت حاصل کرنا پڑے گا یہ بھی بتا دیا جائے تو بہتر ہوگا۔ راجہ سنگھ کے اس ریمارک پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے ایک طریقۂ کار ہوتا ہے اور وہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ان سے ملاقات کرسکتے ہیں انہوں نے راجہ سنگھ کو ان کے دفتر سے رابطہ قائم کرنے کا مشورہ دیا۔ رکن اسمبلی گوشہ محل نے کہا کہ وہ متعدد مرتبہ یہ ناکام کوشش کر چکے ہیں۔انہو ںنے نئی بلدیات کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مثال بنا کر پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی بلدیات کیلئے جی ایچ ایم سی کی موجودہ حالت کو مثال نہیں بنایاجاسکتا ہے اسی لئے اس میں بہتری لائی جانی چاہئے۔