نئی دہلی: جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے جمعرات کو دارالحکومت دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔عمر عبداللہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے کے بعد آج پہلی بار دہلی پہنچے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی ملاقات کی۔مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی قیادت والے اتحاد کی جیت کے بعد عمر عبداللہ دوسری بار وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔ عمر عبداللہ نے حلف لینے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں منظورہ قرارداد کا ذکر کیا جو جموں و کشمیر کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق ہے۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ کابینہ میں منظورہ یہ قرارداد خطہ کے عوام کے دستوری حقوق اور اُن کی شناخت کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دہلی کے اپنے پہلے ہی دورہ میں عمر عبداللہ نے وزیراعظم کے علاوہ وزیرداخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری سے بھی ملاقات کی۔ مرکزی وزراء سے ملاقات کے بعد عمر عبداللہ نے کہاکہ اُن کی بات چیت مختلف اُمور پر ہوئی ہے جو جموں و کشمیر سے متعلق ہیں۔ مرکزی وزراء سے تبادلہ خیال ثمرآور رہا۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دی ہے جنھیں اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔