چیف منسٹر فارم ہاوز سے پول مینجمنٹ کی حکمت عملی میں مصروف

   

لمحہ آخر تک پولنگ بوتھ نہ چھوڑنے پارٹی ایجنٹس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے قومی سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر گجویل میں انتخابی مہم کے اختتام کے بعد فوری طور پر اپنے فارم ہاوز پہونچ چکے ہیں ۔ کل رات سے ہی وہ پول مینجمنٹ پر اپنی ساری توجہ مرکوز کرچکے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر پارٹی کے چند اہم قائدین کے علاوہ ماہرین سے مختلف امور پر مشاورت کررہے ہیں ۔ امیدواروں کے اعلان کے پیدا شدہ صورتحال اور 32 روزہ انتخابی مہم کو علحدہ علحدہ کر کے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بعض علاقوں میں موجودہ ارکان اسمبلی کے خلاف عوامی ناراضگی ، فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے والوں کی جماعت محروم رہنے والوں کی برہمی ، رائے دہی کے دن 30 نومبر کو رائے دہندوں کو پولنگ مراکز تک پہونچانے کی حکمت عملی ، بلاک لیول کے کیڈر کو پہونچائے جانے والے پیغام پر خاص توجہ دی گئی ہے ۔ خاص طور پر پارٹی امیدواروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ لمحہ آخر تک رائے دہندوں سے تال میل برقرار رکھنے زیادہ سے زیادہ ووٹ بی آر ایس امیدواروں کے حق میں جائے اس پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ رائے دہی کے تناسب میں اضافہ کرنے دور دراز علاقوں میں رہنے والے رائے دہندوں کو پولنگ مراکز کو منتقل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ حریف جماعتوں کی حکومت عملی ، رائے دہندوں کو راغب کرنے کی کوشش پر خصوصی نظر رکھنے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے ۔ پولنگ مراکز میں آخری ووٹ ڈالے جانے تک پارٹی کے ایجنٹس کو پولنگ بوتھس میں موجود رکھنے پر زور دیا گیا ہے ۔ جن بوتھس پر بی آر ایس پارٹی کا موقف کمزور ہے وہاں پارٹی کے حامی ووٹوں کو صد فیصد ڈالنے پر زور دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب بی آر ایس کے ریاستی وزیر کے ٹی آر اور بی آر ایس کے ٹربل شوٹر ہریش راؤ ، علحدہ علحدہ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں اسمبلی حلقوں کے انچارجس اور دیگر قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور تازہ حالات سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے خصوصی ہدایتیں دے رہے ہیں ۔ ن