چیف منسٹر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف چٹان

   


نظام آباد اربن حلقہ کی ترقی کیلئے 100 کروڑ کے اعلان کا خیر مقدم : طارق انصاری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے اسٹیٹ سکریٹری طارق انصاری نے اسمبلی حلقہ نظام آباد ( اربن ) کی ترقی کے لیے 100 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بہت جلد اسمبلی حلقہ نظام آباد ( اربن ) ملک کے مثالی حلقہ میں تبدیل ہوجائے گا ۔ طارق انصاری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے دورے نظام آباد کے موقع پر ان سے اقلیتوں کے علاوہ دوسرے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کے پابند ہیں ۔ اقلیتوں کے جو بھی زیر التوا مسائل ہیں وہ جلد از جلد حل ہوجائیں گے ۔ ٹی آر ایس کے ریاستی سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر فی الوقت فرقہ پرستوں کے سامنے چٹان بنے ہوئے ہیں ۔ بی جے پی اور ہندوتوا طاقتوں کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف کھل کر جنگ لڑ رہے ہیں ۔ اس نازک دور میں تمام سیکولر نظریات رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی بھی جدوجہد کررہے ہیں ۔ طارق انصاری نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل بعد ریاست میں سماج کے تمام طبقات سے انصاف ہوا ہے ۔ جتنے فلاحی اسکیمات تلنگانہ میں متعارف کرائے گئے ہیں اس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی ۔ تلنگانہ میں سیاسی فائدے کے لیے بی جے پی مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بی جے پی کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔۔ ن