نئی دہلی: کوکی آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس ٹرسٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہوئے ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے منی پور میں تشدد کے حوالے سے اہم بیان دیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ کا ایک آڈیو ٹیپ منظر عام پر آیا ہے، جس میں انہیں یہ دعویٰ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ریاست میں تشدد کو ہوا دی، ہتھیاروں کو لوٹنے کی اجازت دی اور تشدد میں ملوث لوگوں کو تحفظ فراہم کیا۔سپریم کورٹ نے اس ٹیپ کی صداقت کی تحقیقات کے لیے رضامندی ظاہر کی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے پرشانت بھوشن سے کہا ہے کہ وہ یہ ٹیپ سیل بند لفافے میں عدالت میں جمع کرائیں۔