۔ 20 فروری کو ممبئی میں ملاقات، وفاقی ڈھانچہ کے تحفظ اور بی جے پی کی پالیسیوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد سے اتفاق
حیدرآباد۔/16 فروری،( سیاست نیوز) مرکز کی نریندر مودی زیر قیادت بی جے پی حکومت کے خلاف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مہم کو مختلف علاقائی جماعتوں اور چیف منسٹرس کی تائید میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ شیوسینا کے سربراہ اور چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے چیف منسٹر کے سی آر سے فون پر بات چیت کی اور ملک میں وفاقی ڈھانچہ کے تحفظ اور مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی تائید کا اعلان کیا۔ کے سی آر ادھو ٹھاکرے کی دعوت پر 20 فروری کو مہاراشٹرا روانہ ہورہے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل کیلئے کے سی آر کو مشاورت کی دعوت دی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کے سی آر جی آپ پوری شدت کے ساتھ جدوجہد کررہے ہیں اور آپ کی جدوجہد منصفانہ ہے۔ آپ نے صحیح وقت پر ملک کو تقسیم کرنے والی طاقتوں سے بچانے کیلئے مساعی شروع کی ہے۔ آپ کو ریاستوں کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی تاکہ ملک کی یکجہتی کا تحفظ ہو۔ اسی جذبہ کے ساتھ آپ آگے بڑھیئے اور میری مکمل تائید آپ کے ساتھ ہے۔ ہم ملک کے عوام کو باہم متحد کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے کے سی آر کو تائید کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو ممبئی آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ آپ ہماری مہمان نوازی قبول کیجئے، ہم اس مسئلہ پر مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کے سلسلہ میں غیر بی جے پی چیف منسٹرس سے ربط قائم کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر مختلف علاقائی جماعتوں اور بائیں بازو کے قومی قائدین سے بھی ربط میں ہیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے گزشتہ دنوں کے سی آر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے تائید کا اعلان کیا ہے۔ر