چیف منسٹر میں دوسروں کیلئے جینے کی خوبی

   


کلواکرتی میں سیا فاؤنڈیشن کی جانب سے ایمبولنس کا عطیہ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
کلواکرتی ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیا ۔ فاؤنڈیشن سدا سیو پیٹ ضلع رنگاریڈی کے صدر حکیم سید امجد نے کلواکرتی کے عوام کو بروقت دواخانہ منتقل کرنے کے لئے فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک ایمبولنس جس میں ابتدائی طبی سہولیات بھی ہیں کلواکرتی میں عوامی خدمت گذار جناب محمد مقبول کے حوالہ کیا، جس کا افتتاح مہمان خصوصی ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے کیا۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہا کہ جو لوگ مخلوق کی خدمت کرتے ہیں اللہ ان کو بھی خوش رکھتا ہے اس عظیم خدمت خلق کے لئے انہوں ے حکیم امجد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گنگا جمنی تہذیب میں ریاست تلنگانہ سرفہرست ہے۔ انہوں نے دوران تقریر یہاں کے عوام کے لئے حکومت کی جانب سے کئی اسکیمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے سی ایم کے چندر شیکھر راؤ کو ایک مثالی چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو انسان دوسروں کے لئے جیتا ہو وہی سچا انسان ہوتا ہے اور یہ خوبی ہمارے چیف منسٹر میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں عوامی خدمت کا جذبہ دوسری ریاست کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز آسام کے چیف منسٹر نے چارمینار کے دامن میں اپنے ایجنڈہ کے مطابق تقریر کی مگر ہمارے سی ایم آپسی بھائی چارہ کو ترجیح دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ریاست تلنگانہ روز بروز ترقی کررہی ہے۔ شادی مبارک کلیان لکشمی اسکیم، امام و موذن کو دیئے جانے والے ماہانہ اعزازیہ کا بھی ذکر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ جو انسان دوسروں کی خوشحالی کے لئے جیتا ہو وہ آئندہ کا پی ایم ضرور بنے گا۔ اس موقع پر کلواکرتی میں ایمبولنس کے ذمہ دار محمد مقبول، ناگر کرنول ایم پی، راملو، رکن اسمبلی جے پال یادو، ایم ایل سی کے نارائن ریڈی، مائیناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین امتیاز اسحاق، کلواکرتی بلدیہ چیرمین ستیم، محمد شاہد، گومی سری نواس ریڈی، بالاجی سنگھ اور دیگر قائدین موجود تھے۔