دسہرہ تقاریب میں شرکت ، گرام پنچایت کی عمارت والد کے نام معنون
حیدرآباد۔12 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے دسہرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ اپنے آبائی موضع کونڈاریڈی پلی کا بہ حیثیت چیف منسٹر دورہ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور 72لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ گرام پنچایت کے دفتر کی عمارت کا افتتاح انجام دیا۔ مقامی عوام کی جانب سے بتکماں اور دیگر مقامی روایات کے مطابق پرجوش خیر مقدم کیاگیا ۔ چیف منسٹر نے اپنے آبائی موضع میں دسہرہ تقاریب میں حصہ لیا اور مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے موضع کی ترقی کے لئے اقدامات کا آغاز کیا ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنے آبائی موضع میں ماڈل گرام پنچایت بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر اس عمارت کے روبرو موجود صحن میں آم کا پودا لگایا۔ انہوں نے زیر زمین ڈرینیج نظام‘ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے علاوہ داخلی سڑکوں کی 18کروڑ کی لاگت سے تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور ان کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہو ںنے اس موقع پر 18 لاکھ کی لاگت سے اپنے آبائی موضع میں ایس سی طبقہ کے کمیونیٹی ہال کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ کونڈا ریڈی پلی میں 3kv کے شمسی توانائی پراجکٹ کی تنصیب کا بھی چیف منسٹر نے سنگ بنیاد رکھا جو کہ درکار بجٹ کا لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔چیف منسٹر نے کونڈا ریڈی پلی کے علاقہ میں بچوں اور نوجوانوں کیلئے سرگرمیوں کے آغاز کے طور پر چلڈرنس پارک اور نوجوانوں کے لئے جم کے قیام کے سلسلہ میں سنگ بنیاد رکھا جو کہ 32 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کئے جائیں گے۔ انہو ںنے اپنے دورہ کے دوران کونڈا ریڈی پلی بس اسٹینڈ کے شیلٹر اور اس اہم مصروف سڑک پر اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے شروع کئے جانے والے کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو کہ 64لاکھ کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنے دورہ کے دوران آبائی علاقہ کے مکینوںسے ملاقات کی اور دسہرہ تقاریب میں حصہ لیا اور دسہرہ تہوار اپنے آبائی موضع میں مناتے ہوئے عوام کی سہولتوں کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کے آبائی موضع کے عوام میں جوش و خروش دیکھا گیا کیونکہ مسٹر اے ریونت ریڈی چیف منسٹر بننے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی موضع کے دورہ پر پہنچے تھے اور وہ بھی دسہرہ تہوارکی خوشیوں میں حصہ لینے کے لئے ان کی آمد کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔چیف منسٹر نے گرام پنچایت کی عمارت جو ان کے موضع میں تعمیر کی گئی ہے اسے اپنے والد اے نرسمہا ریڈی کے نام معنون کیا ۔ حکومت کی جانب سے چیف منسٹر کے آبائی موضع کی ترقی کے لئے 30 کروڑ کی منظوری عمل میں لائی جاچکی ہے جبکہ مزید 170 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کی تجاویز حکومت کے پاس زیر غور ہیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے جلد ہی ان کی منظوری عمل میں لائی جانے کا امکان ہے۔انہوں نے اس دورہ کے دوران 55لاکھ کی لاگت سے تعمیر کردہ لائبریری‘ 45 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی گئی بی سی سوشل بلڈنگ اور 45 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے جانوروں کے دواخانہ کی عمارتوں کا بھی افتتاح انجام دیا۔3