ناگرجنا ساگر کی طرز پر کامیابی حاصل کرنے پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد : چیف منسٹر کے سی آر نے آپریشن حضورآباد کا آغاز کردیا ۔ ناگرجنا ساگر کی طرز پر خصوصی حکمت عملی تیار کرکے پارٹی امیدوار کو مجوزہ ضمنی انتخاب میں کامیاب بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی جانب سے اسمبلی اور ٹی آر ایس کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہی چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر‘ وزیر ہریش راؤ اور نائب صدرنشین تلنگانہ منصوبہ بندی ونود کمار کے علاوہ دوسرے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ اس موقع پر ضمنی انتخابات کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اس موقع پر چیف منسٹر نے وزرا گنگولہ کملاکر، کے ایشورلو، ای دیاکر راؤ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ اجلاس میں اسمبلی حلقہ حضورآباد کے منڈلس حضورآباد، ویناونکا، ایلندا کنٹہ، جمی کنٹہ کے علاوہ میونسپلٹیز حضورآباد اور جمی کنٹہ کی انتخابی ذمہ داری وزراء کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی میجر گرام پنچایتوں کی ذمہ داری، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل کو انچارج بنانے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ ایٹالہ راجندر کے استعفیٰ کے بعد آئندہ 6 ماہ میں ضمنی انتخابات یقینی ہے، جس کے پیش نظر ٹی آر ایس قیادت نے ابھی سے انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا اور منصوبہ بندی پر اتوار سے ہی عمل آوری کا آغاز کرنے پر غور کررہی ہے۔ اجلاس میں یہ طئے پایا ہیکہ گذشتہ 7 سال کے دوران اسمبلی حلقہ حضورآباد میں جو ترقی ہوئی اس کی رپورٹ تیار کی جائے گی ساتھ ہی اسمبلی حلقہ کے مسائل اور زیرالتواء کاموں کی بھی ایک اور رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔