چیف منسٹر نے ایم بی بی ایس میں داخلہ کیلئے قبائیلی لڑکی کی مدد کی

   

حیدرآباد۔30 ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز ) ایم بی بی ایس میں نشست حاصل ہونے کے باوجود فیس نہ ہونے کے سبب کالج میں داخلہ حاصل نہ کرپانے والی سائی شردھا کو مالی امداد کی فراہمی کے ذریعہ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے میں حائل رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس ہونہار طالبہ سے ملاقات کی اور اسے اپنا سلسلہ تعلیم جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جینداگوڑہ موضع جینور منڈل آصف آباد ضلع کی رہنے والی سائی شردھا جو کہ قبائیلی لڑکی ہے اور اس نے کونسلنگ کے دوران ایم بی بی ایس میں نشست حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن مالی موقف کمزور ہونے کے سبب طالبہ نے ایم بی بی ایس میں داخلہ کا منصوبہ ترک کردیا تھا لیکن اس کی اطلاع چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو موصول ہونے کے بعد انہوں نے اس لڑکی کی تعلیمی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیاتھا ۔ آج طالبہ نے اپنے والدین کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیام گاہ واقع جوبلی ہلز میں ملاقات کرتے ہوئے خاندان کی مالی امداد اور سلسلہ تعلیم جاری رکھنے کے لئے کی جانے والی مدد پر اظہار تشکر کیا ۔چیف منسٹر نے کہا کہ غربت کے سبب کسی کا خواب چکنا چور نہ ہواس کے لئے ریاست میں موجود عوامی حکومت کام کر رہی ہے اور سائی شردھا کی تعلیم کی ذمہ داری عوامی حکومت پوری کرے گی۔ سائی شردھا نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران ایم بی بی ایس میں تعلیم جاری رکھنے کے لئے ان کے خاندان کی مدد کئے جانے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ اپنا ڈاکٹر بننے کا خواب اب پورا کرپائیں گی۔3