چیف منسٹر نے دن میں تین مرتبہ کورونا کا جائزہ لینے کی ہدایت دی

   

آکسیجن، ویکسین، بیڈس، ریمیڈیسور کی قلت کو دور کرنے کا چیف سکریٹری کو مشورہ

حیدرآباد : چیف منسٹر نے ریاست میں کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید احتیاطی اقدامات کرنے اور چیف سکریٹری سومیش کمار کو روزانہ تین مرتبہ کورونا کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر ریاست میں قہر ڈھا رہی ہے۔ روزانہ کورونا کے کیسیس اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر کورونا کے مسئلہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ریمیڈیسور ، آکسیجن، ویکسین، ہاسپٹلس میں بیڈس کی قلت پیدا نہ ہونے کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری کو محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں سے تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے تازہ حالت پر نظر رکھنے کے ساتھ کورونا کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کی نگرانی کرنے کیلئے چیف منسٹر کے آفس سے چیف منسٹر کے سکریٹری راج شیکھر ریڈی کو چیف منسٹر نے انچارج نامزد کیا ہے اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ تمام احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے ریاست سے جلد از جلد کورونا کا خاتمہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں اور عوام میں کورونا کے تعلق سے شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی۔ واضح رہیکہ چیف منسٹر کے سی آر نے ایٹالہ راجندر کے پاس موجود وزارت صحت کا قلمدان اپنی تحویل میں لے لیا۔ ایٹالہ راجندر پر اراضیات پر قبضہ کرنے کے الزامات عائد ہونے کے بعد وزارت قلمدان کا عہدہ ان کے حوالے کرنے کی چیف منسٹر نے گورنر سے سفارش اور گورنر کی منظوری حاصل ہونے کے بعد وزارت صحت کا قلمدان اپنی تحویل میں آنے کے بعد چیف منسٹر نے کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز کی۔ اس سلسلہ کے تحت اپنے سکریٹری راج شیکھر کو کورونا کی نگرانی کا انچارج نامزد کیا۔