اپوزیشن قائدین آوارہ کتوں کی طرح بھونک رہے ہیں، سوریا پیٹ میں تہنیتی تقریب سے جگدیش ریڈی کا خطاب
سوریاپیٹ: وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ ایک ایسے رہنما ہیں جنہوں نے فلاح و بہبود اور ترقی میں ریاست کو بلندی پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین آوارہ کتوں کی طرح بھونک رہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے اپوزیشن سے سوال کیا کہ کیا چیف منسٹر کے سی آر کے بغیر 24 گھنٹے بجلی ممکن تھی؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی ناکام حکمرانی اور نااہل قیادت کی وجہ سے ضلع نلگنڈہ میں دو لاکھ افراد فلورین سے متاثر ہوئے ہیں۔ آج کے سی آر کی بدولت ریاست کے ہر گھر کو صاف شفاف میٹھا پانی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں غربت کی سطح مزید بڑھ گئی ہے۔مودی حکومت کے دور میں ملک دیوالیہ ہو چکا ہے۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی، بی لنگیا یادو رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا کو صدر ضلع ٹی آر ایس نامزد کرنے کے بعد سوریاپیٹ میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس کوئی سمت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس واحد پارٹی ہے جس نے منشور پر عمل کیا ہے۔جو ترقی 70 برسوں میں نہیں ہوئی وہ سات سالوں میں 75 فیصد مکمل ہوئی ہے۔