چیف منسٹر نے سدی پیٹ میں کسانوں کی رعیتو بھروسہ اسکیم کی رقم جاری کی

   

پہلے مرحلے میں 3590 کروڑ کی منتقلی، ریاستی وزراء کے ہمراہ پام آئیل فیکٹری کا افتتاح
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج سدی پیٹ ضلع کے نرمیٹا میں رعیتو بھروسہ اسکیم کی امدادی رقم کی اجرائی عمل میں لائی ہے۔ اسکیم کے تحت 9 ہزار کروڑ روپے کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے پہلے مرحلہ میں 3590 کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی۔ ریاست میں کسانوں کی جملہ تعداد 73 لاکھ ہے اور ایک ایکر سے زائد اراضی رکھنے والے کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 3590 کروڑ جمع کئے گئے۔ آر بی آئی کے ذریعہ یہ رقم متعلقہ بینکس میں جمع کی جائے گی جہاں سے یہ رقم کسانوں کے اکاؤنٹس میں پہنچے گی۔ اتوار کی تعطیل کے باعث پیر کے دن یہ رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع ہو جائے گی۔ حکومت نے دوسرے مرحلہ کے تحت 2650 کروڑ اور تیسرے مرحلہ میں 2760 کروڑ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ایکر اراضی رکھنے والے 24.32 لاکھ اور ایک ایکر سے زائد اراضی رکھنے والے 48.68 لاکھ کسانوں کو اسکیم سے فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے نرمیٹا میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ آئیل پام فیکٹری کا افتتاح کیا۔ 62 ایکر اراضی پر 300 کروڑ کے سرمایہ سے یہ فیکٹری قائم کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے 80 کروڑ کے مصارف سے نرمیٹا میں پام آئیل ریفائنری پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ، پونم پربھاکر، جے ویویک وینکٹ سوامی، پی سرینواس ریڈی، دامودر راج نرسمہا اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی بھلائی کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے۔ انہوں نے قرضہ جات کی معافی اور دیگر اسکیمات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 17 ماہ کے ریکارڈ وقفہ میں پام آئیل فیکٹری کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ واضح رہے کہ بی آر ایس دور حکومت میں مقامی رکن اسمبلی اور اس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی مساعی سے پام آئیل فیکٹری کے قیام کی سرگرمیوں کا آغاز ہوا تھا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے فیکٹری کی تکمیل میں اہم رول ادا کیا ہے۔ 1