حکومت کے سربراہ کردہ باریک چاول سے غذا کی تیاری، مقامی افراد نے فلاحی اسکیمات کی ستائش کی
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راشن شاپس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم پر غریب خاندانوں کی رائے حاصل کرنے کے لئے آج کتہ گوڑم ضلع میں ایک غریب خاندان کے ساتھ باریک چاول سے تیار کردہ لنچ نوش کیا۔ چیف منسٹر نے بھدراچلم کے دورہ کے بعد بورگم پاڈو منڈل کے ساراپاکا گاؤں کا دورہ کیا۔ رام نومی کے موقع پر چیف منسٹر نے اپنی شریک حیات کے ساتھ مذہبی تقاریب میں شرکت کی اور وہاں سے چیف منسٹر غریب خاندان کے ساتھ لنچ کیلئے پہونچے۔ چیف منسٹر نے اسکیم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ غریبوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ غریب خاندان نے چیف منسٹر کو بتایا کہ باریک چاول کی سربراہی سے اُنھیں کافی خوشی ہے اور اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے اِس موقع پر مقامی افراد سے بات چیت کی اور اسکیم کے بارے میں تاثرات حاصل کئے۔ چیف منسٹر نے غریب خاندان کی خیریت دریافت کی اور افراد خاندان کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ تلسی اماں نامی خاتون نے چیف منسٹر کو بتایا کہ راشن شاپس پر سابق میں موٹا چاول سربراہ کیا جارہا تھا جو خاندان کے لئے ناپسندیدہ تھا۔ غربت کے باعث وہ موٹے چاول کے استعمال کے لئے مجبور تھے لیکن اب حکومت نے باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کرتے ہوئے غریبوں کے لئے راحت کا سامان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور 500 روپئے میں گیاس سلینڈر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اِس خاندان کو دونوں سہولتیں بھی حاصل ہورہی ہیں۔ تلسی اماں نے بتایا کہ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے خواتین کو فائدہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے مقامی افراد سے حکومت کی اسکیمات کے بارے میں استفسار کیا۔ گاؤں والوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد جن اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے اُس سے غریب خاندانوں میں جشن کا ماحول ہے۔ چیف منسٹر آج صبح افراد خاندان کے ساتھ بھدراچلم روانہ ہوئے اور رام نومی تقاریب میں شرکت کی۔1