بہتر علاج کا تیقن، خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل،ڈاکٹرس و نرسیس کی ستائش
حیدرآباد: کورونا مریضوں میں نیا حوصلہ پیدا کرنے اور سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل کا دورہ کیا اور کورونا کے مریضوں سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر نے گاندھی ہاسپٹل کے دورہ کے بعد اضلاع میں سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے شخصی طور پر معائنہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔ چیف منسٹر نے ایم جی ایم ہاسپٹل کے آئی سی یو اور جنرل وارڈ میں موجود تمام مریضوں سے فرداً فرداً ان کے بیڈ تک پہنچ کر بات چیت کی ، صحت اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ چیف منسٹر کے ہاسپٹل پہنچتے ہی مریضوں میں امید کی کرن پیدا ہوئی اور کئی مریضوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا کہ وہ حیدرآباد سے ان کی عیادت اور خیریت دریافت کرنے پہنچے ہیں۔ چیف منسٹر نے مریضوں سے کہا کہ وہ کورونا کے بارے میں کسی قسم کی پریشانی یا خوف کا شکار نہ ہوں ۔ حکومت ان کے ساتھ ہے اور صحت یابی کیلئے ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرے گی۔ بیشتر مریضوں میں علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے آئی سی یو کے دورہ کے بعد جنرل وارڈ کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرس سے ہر مریض کو دی جانے والی ادویات اور 24 گھنٹے نگہداشت کے بارے میں سوالات کئے ۔ چیف منسٹر نے ایم جی ایم ہاسپٹل میں صحت و صفائی کے انتظامات کے علاوہ بیڈس کی دستیابی اور آکسیجن کی موثر سربراہی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹاف کی ستائش کی جو اپنی زندگی جوکھم میں ڈال کر کورونا کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروںکو ہدایت دی کہ وہ فنڈس کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کو تمام درکار طبی سہولتیں فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے مریضوں کو دی جانے والی غذا کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹاف کو مریضوں کی زندگی بچانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے ہاسپٹل میں قائم کردہ آکسیجن جنریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور کہا کہ آکسیجن کے علاوہ ادویات کی کوئی قلت نہیں ہونی چاہئے ۔ چیف منسٹر آج صبح بذریعہ ہیلی کاپٹر ہنمکنڈہ پہنچے اور وہاں سے سیدھے ایم جی ایم ہاسپٹل پہنچ گئے ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ ، ارکان اسمبلی این رویندر ، ڈی ونئے بھاسکر ، میئر جی سدھا رانی ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، پرنسپل سکریٹری ہیلت ، مرتضیٰ علی رضوی ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی ، چیف منسٹر دفترکے او ایس ڈی گنگا دھر ، سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر چندر شیکھر کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
ہاسپٹل میں کے سی آر کیلئے خوشگوار لمحات ‘ ایک مریض نے زندہ باد کا نعرہ لگایا
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایم جی ایم ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر خوشگوار تجربہ ہوا جبکہ کورونا کے ایک مریض نے بہتر علاج کیلئے ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ کے سی آر ہاسپٹل کے ہر وارڈ میں بیڈس تک پہنچ کر مریضوں سے خیریت دریافت کر رہے تھے، وہ مٹے واڑہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے وینکٹا چاری کے قریب پہنچے اور صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ وینکٹا چاری نے چیف منسٹر کی آمد پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ہاسپٹل میں ان کا بہتر علاج کیا جارہا ہے اور ڈاکٹرس کی نگہداشت بھی ٹھیک ہے۔ وینکٹا چاری نے کورونا کے مریضوں کی فکر کرتے ہوئے حیدرآباد سے آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کے سی آر زندہ باد کا نعرہ لگایا ۔ وینکٹا چاری نے بلند آواز میں کہا کہ ’’کے سی آر آپ میری زندگی ہے‘‘۔ وینکٹا چاری کے اس نعرہ سے سارا وارڈ گونج اٹھا اور چیف منسٹر ان خوشگوار لمحات پر مسکراتے ہوئے وارڈ سے باہر نکلے۔ انہوں نے عہدیداروں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ کام کچھ اس طرح ہو کہ عوام کھل کر ستائش کریں۔
کے سی آر نے ڈاکٹرس کے مشورہ پر فیس شیلڈ کا استعمال کیا
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پہلی مرتبہ کورونا سے بچاؤ کے لئے فیس شیلڈ کا استعمال کیا۔ ورنگل میں ایم جی ایم ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے ماسک کے علاوہ فیس شیلڈ پہن رکھا تھا۔ انہوں نے گزشتہ دنوں گاندھی ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر صرف ماسک کا استعمال کیا تھا۔ ڈاکٹرس کے مطابق کورونا کے مریضوں سے ملاقات یا ہاسپٹلس میں ان کے وارڈس میں داخلہ کے وقت ماسک کے علاوہ فیس شیلڈ پہننی چاہئے ۔ کئی ڈاکٹرس وارڈس میں جانے سے پہلے پی پی ای کٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ معائنہ سے قبل ڈاکٹرس نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ ماسک کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔ چیف منسٹر نے فیس شیلڈ لگانے سے اتفاق کیا اور ہاسپٹل میں کورونا مریضوں کے تمام وارڈس کا دورہ کیا ۔ کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود وائرس سے کے سی آر کی بے خوفی کی عوام کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔