کاماریڈی :5؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر رائو نے آج تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کو بھارت راشٹریہ سمیتی کی حیثیت سے اعلان کرنے سے قبل ٹی آرایس پارٹی کے جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا تھا اور اس اجلاس میں اراکین اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سینئر قائدین کو مدعو کیا تھا ۔ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی تلنگانہ میں تجربہ کار سیاستداں کی حیثیت سے اپنی ایک منفر شناخت رکھتے ہیں ۔ اسپیکر ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت کرنے سے گریز کرتے ہوئے اپنے اسمبلی حلقہ بانسواڑہ میں پروگراموں میں مصروف تھے کہ چیف منسٹر ان سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے فوری حیدرآباد آنے کی ہدایت دی جس پر اسپیکر نے کہا کہ پروگراموں میں مصروف ہوں جس کی وجہ سے آنا ابھی نا ممکن قرار دینے پرچیف منسٹر نے ان کیلئے حیدرآباد سے خصوصی طور پر ہیلی کاپٹر روانہ کیااور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد روانہ ہوئے اور اجلاس میں شرکت کی اور اس طرح پوچارام سرینواس ریڈی کی اہمیت پھر ایک مرتبہ ظاہر ہوئی ہے ۔ پوچارم سرینواس ریڈی بانسواڑہ حلقہ سے مسلسل نمائندگی کررہے ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں تلگودیشم کے دور میں وزیر کی حیثیت سے اور ٹی آرایس کی پہلی سرکار میں وزیر کی حیثیت سے اور دوسری معیاد میں اسپیکر کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں ۔