چیف منسٹر ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں شرکت کرینگے

   

20 تا 24 جنوری ڈاؤس کا دورہ ۔ وزیر آئی ٹی و دیگر عہدیدار وفد میںشامل رہیں گے
حیدرآباد 24 ڈسمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈاؤس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں شرکت کریں گے۔چیف منسٹر ریاست کے سرکاری وفد کے ساتھ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئندہ ماہ ڈ اؤس روانہ ہوں گے اور 20تا 24 جنوری ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے دوران دنیا بھر کی سرکردہ کمپنیوںکے ذمہ داروں سے ملاقات کرکے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و صنعت ڈی سریدھر بابو و سرکاری وفد میں شامل عہدیداروں کے ڈاؤس کے دورہ اور اخراجات کیلئے 12.5 کروڑ مختص کئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کے ہمراہ دورۂ ڈاؤس میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ‘محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کے عہدیداروں و دیگر شامل رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں چیف منسٹر کی شرکت کی تیاریاں اور توثیق کردی گئی اور 4روزہ اجلاس میں ڈاؤس میں چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ان ملاقاتوں میں حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کے احیاء کے پراجکٹ کو سرکردہ کمپنیوں کے سربراہان کے آگے پیش کرکے ریاستی حکومت کے وفد کی جانب سے اس پراجکٹ کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کے علاوہ انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کو ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جائے گا۔3