مشتبہ پیامات سے ہلچل، کئی میڈیا گروپس ہیکرس کے نشانہ پر
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سائبر جرائم کی طرح ہیکرس کی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں جن کے ذریعہ حکومت کے ویب سائٹس اور واٹس ایپ گروپس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ریاست کی کئی اہم شخصیتوں کے واٹس ایپ گروپ ہیک کرکے غیر ذمہ دارانہ پیامات روانہ کئے گئے۔ سائبر مجرمین کی سرگرمیوں پر روک لگانے حکام کی چوکسی کے باوجود آج ہیکرس نے چیف منسٹر آفس کے علاوہ کئی وزراء کے میڈیا واٹس ایپ گروپ کو ہیک کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آفس سے کئی میڈیا واٹس ایپ گروپ کارکرد ہیں جن میں سے ایک گروپ کو ہیک کرلیا گیا جس کے ذریعہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے نام سے اکاؤنٹ کو آدھار سے مربوط کرنے ویب سائٹ اوپن کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزراء کی جانب سے میڈیا کیلئے بنائے گئے کئی واٹس ایپ گروپ بھی ہیک ہوگئے اور ایس بی آئی کے نام سے مسیجس روانہ کئے گئے۔ شہر میں صحافیوں کے تیار کردہ کئی گروپس بھی ہیکرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہیکرس نے گروپس کے ڈی پی کو بھی تبدیل کردیا اور اس پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا لوگو لگادیا گیا۔ ہیکرس کی جانب سے اہم شخصیتوں اور وزراء کے گروپس میں مداخلت کے ساتھ ہی حکام اور صحافیوں نے چوکسی اختیار کرلی۔ چیف منسٹر آفس کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر کے میڈیا گروپ کو بھی ہیکرس نے متاثر کیا۔ کئی وزراء کے پی آر اوز نے صحافیوں کے گروپس تشکیل دیئے تھے ان واٹس ایپ گروپس میں اچانک ہیکرس کی مداخلت سے حکومت اور میڈیا کے حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ تلنگانہ سائبر کرائم حکام نے چوکسی اختیار کرلی اور چیف منسٹر افس کا واٹس ایپ گروپ جلد ہی ہیکرس سے پاک کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹ کو آدھار سے مربوط کرنے کے لئے جو ویب سائٹ دی گئی ہے اس کے ذریعہ اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں اور بھاری رقم اکاؤنٹ سے غائب کردی جاتی ہے۔ ایک ہی دن میں اہم شخصیتوں اور میڈیا گروپس کے واٹس ایپ گروپ کے ہیک ہو جانے سے سرکاری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ 1